قائد اعظم کے ملک میں اگر کوئی جھوٹا ہے تو قوم سے اس کی جان چھڑانی ہوگی ، نثار کھوڑو

وزیراعظم نواز شریف کو عدالت نے جھوٹا قرار دیا ہے،ظفر شاہ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں ، پارٹی شمولیتی پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 26 اپریل 2017 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدراور سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کو عدالت نے جھوٹا قرار دیا ہے ۔قائد اعظم کے ملک میں اگر کوئی جھوٹا ہے تو قوم سے اس کی جان چھڑانی ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں دادو کی معروف سیاسی شخصیت ظفر شاہ کی ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ظفر شاہ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ پرانے دوستوں میں واپس آگئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں ۔آمریت کے خلاف پیپلزپارٹی کی جدوجہد کی ایک طویل داستان ہے ۔

(جاری ہے)

ہم کسی صورت ملک میں جمہوریت کو داغدار نہیں ہونے دیں گے ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ کھرے کھوٹے کا فرق سامنے آجاتا ہے ۔

وزیراعظم میاں نواز شریف کو عدالت نے جھوٹا قرار دیا ہے ۔قائد اعظم کے ملک میں اگر کوئی جھوٹا ہے تو قوم سے اس کی جان چھڑانی ہوگی ۔اس موقع پر ظفر شاہ نے کہا کہ آج ہم نے عوامی اتحاد ختم کرکے پیپلزپارٹی سے تعلق جوڑ لیا ہے ۔بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت میں پارٹی کا پیغام لوگوں تک پہنچائیں گے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پھٹیچر پارٹی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن)نے سندھ کے عوام کو دھوکا دیا ہے ۔ظفر شاہ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بھی دادو سے پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔#