آصف علی زرداری نے نواز لیگ کو بڑا جھٹکا دیدیا

لیگی رکن سندھ اسمبلی اسماعیل راہو نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی

بدھ 26 اپریل 2017 23:19

آصف علی زرداری نے نواز لیگ کو بڑا جھٹکا دیدیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2017ء) آصف علی زرداری نے نواز لیگ کو بڑا جھٹکا دیدیا ، لیگی رکن سندھ اسمبلی اسماعیل راہو نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ۔تفصیلات کے مطابق پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹائے جانے والے مسلم لیگ نواز کے رہنما اوربدین سے ایم پی اے اسماعیل راہو نے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔

اسماعیل راہو جام صادق علی اور لیاقت علی جتوئی کی کابینہ میں وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اسماعیل راہو نے شہید فاضل راہو (گولارچی)میں اپنے ساتھیوں اور حامیوں کو دعوت دی اورپیپلزپارٹی میں شمولیت کے حوالے سے ان سے مشورہ کیا۔انہوں نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)نے ان کے حلقے کو ترقیاتی پیکیج کے حوالے سے مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے اور پارٹی نے 1995 سے تاحال حلقے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔اسماعیل راہو نے شرکاسے کہا کہ وہ پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے پارٹی میں شمولیت کی پیش کش کا مثبت جواب دینا چاہتے ہیں۔شرکانے اسماعیل راہو کے فیصلے کی توثیق کی اور مستقبل میں ان کی حمایت جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔