بلدیاتی سربراہوں کو ان اداروں کی اوونر شپ لینا ہے اس نظام کو زیادہ کامیابی کے ساتھ چلایا جا سکے‘حمزہ شہباز

ہر ضلع کے زمینی حقائق کے مطابق اپنے وسائل کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کریں‘رکن اسمبلی کا اجلاس سے خطاب

بدھ 26 اپریل 2017 23:17

بلدیاتی سربراہوں کو ان اداروں کی اوونر شپ لینا ہے اس نظام کو زیادہ کامیابی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ بلدیاتی اداروں کی مضبوطی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کیلئے کارپوریٹ ماڈل تیار کرے اور ٹھوس بنیادوں پر ایسی سفارشات پیش کرے جن کی بنیاد پر 2018نہیں بلکہ آئندہ 20سال کی جامع منصوبہ بندی کی جا سکے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے قائم کردہ بلدیاتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حمزہ شہبا ز نے کہا کہ ہر ضلع کے زمینی حقائق کے مطابق اپنے وسائل پیدا کرنے کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جائے اور بلدیاتی اداروں کیلئے اختیارات کے ساتھ ساتھ چیک اینڈ بیلنس کا قابل عمل نظام بھی تشکیل دیا جائے تاکہ آنے والے دنوں میں یہ ادارے وقت کے ساتھ ساتھ اپنے پاؤں پر خود کھڑے ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہاکہ بلدیاتی سربراہوں کو ان اداروں کی اوونر شپ لینا ہے تاکہ اس نظام کو زیادہ کامیابی کے ساتھ چلایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک صوبے میں بلدیاتی اداروں کے سربراہان اپنے اختیارات کیلئے دھرنے دے رہے ہیں لیکن ہم انشاء اللہ منتخب ہونے والے شہری اداروں کے سربراہان کو زیادہ سے زیادہ با اختیار بنانا چاہتے ہیں ۔حمزہ شہباز نے صوبائی وزیر بلدیات کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی جس میں پنجاب بھر کے بلدیاتی اداروں کو مالیاتی خود مختاری اور دیگر امور کاجائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کی جائیں گی جن کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے منظوری لی جائیگی ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ جہاں ضروری ہوا وہاں قانون سازی کیلئے بھی غور کیا جائے گا تاکہ بلدیاتی امور کو شفافیت اور تیزی کے ساتھ نمٹایا جا سکے ۔انہوں نے مختلف بلدیاتی اداروں کے سربراہان کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کو سراہا اور انہیں مزید قابل عمل بنانے کی ہدائیت کی ۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے سیکرٹری بلدیات کو ہدائیت کی کہ بلدیاتی اداروں کو درپیش مسائل کے لحاظ سی" میپنگ "کی جائے اور ان کے شارٹ اور لانگ ٹرم حل تجویز کیے جائیں صوبائی وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ نے یقین دلایا کہ ان کی سربراہی میں قائم ہونے والی کمیٹی بلدیاتی اداروں کیلئے ٹھوس حل تجویز کرے گی صوبائی وزیر ملک ندیم کامران اور سینیٹر سعود مجید نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ چیف سیکرٹری ، آئی جی پنجاب اور بلدیات و خزانہ کے سیکرٹریوں نے بریفنگ دی نارووال ،راولپنڈی ،سیالکوٹ ،اوکاڑہ ،شیخوپورہ اورمیانوالی سمیت مختلف اضلاع کے بلدیاتی سربراہوں نے درپیش مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے حل کیلئے مختلف تجاویز دیں ۔