تاجروں کے جو مسائل اُن کے دائرہ اختیارمیں ہیں وہ وفاق اور صوبائی محکموں سے حل کرائے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

بدھ 26 اپریل 2017 23:15

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد انور علی شر نے کہا ہے کہ تاجروں کے جو مسائل اُن کے دائرہ اختیارمیں ہیں وہ وفاق اور صوبائی محکموں سے حل کرائے جائیں گے، تاجروں کی طرف سے پیش کردہ مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی۔وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر تا جر برادری سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر اسمال انڈسٹری کے صدر محمد اکرم انصاری، محمد امین کھتری، حاجی محمد یعقوب ،محمدمدنی ، سکندرعلی راجپوت، دولت رام لوہانہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

ڈی سی انور علی شر نے کہا کہ وہ اسی شہرکے سپوت ہیں جومسائل چیمبر کی طرف سے پیش کئے گئے ہیں وہ خود اُن کے بھی مسائل ہیں وہ ضرور حل ہوں گے، اس موقع پر انہوں نے مسائل حل کرنے کے لئے ایک کمیٹی کا اعلان کیا جس میں چیمبر کے بھی دو ممبران شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

چیمبر کے صدرمحمد اکرم انصاری نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ حیدرآباد کی سٹرکوں ، گلیوں اور اسٹریٹ لائٹ کی تعمیر ومرمت کرائی جا ئے، صحت وصفائی کے معاملات کو موثر طر یقے سے حل کیا جائے جہاںسے تجاوزات ہٹائی جائیں وہاں سے ملبہ بھی اُٹھا یا جا ئے، ایکسپوسینٹر جو کروڑوں کی لا گت سے تعمیر کیا گیا تھا اُس کی بحالی پر توجہ دی جائے اوراُس میں تجارتی سر گرمیاں دوبارہ بحال کرائی جائیں، انہوں نے کہا کہ حید رآباد ایئر پورٹ کو دوبارہ فعال کیاجائے اورنئی سبزی وفروٹ مارکیٹ نزد ہالا ناکہ کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جائے اورترقیاتی کام کر ائے جائیںاور فوری شفٹنگ شروع کی جا ئے ،انہوں نے کہا کہ سندھ انڈسٹریل ٹریڈ نگ اسٹیٹ کی طرف سے سائٹ ایکسٹینشن میں اسٹیٹ ایجنٹو ں کوپلاٹوںکی بندر بائٹ فوری بند کرائی جائے اور جو تاجر 50فیصد ادائیگی کر چکے ہیں انہیں فوری پلاٹ الاٹ کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ رمضان کی آمد ہے لہذا پر ائس کنٹرول لسٹ اس چیمبر کو اعتماد میں لیتے ہو ئے مقررکی جا ئے اور کمیٹی میں اس چیمبرکو نما ئندگی دی جائے ، سائٹ میں فلٹر پلانٹ فعال کرایا جائے، حیدرآباد اور کوٹری کے درمیان خستہ پل کی فوری مرمت کرائی جائے اور روزانہ کے بد تر ین ٹریفک جام سے عوام کو نجات دلائی جائے ۔