لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی پابندی کے باوجود گنے کی کرشنگ پر وزیر اعظم کے بھتیجے اور چچا زاد بھائی کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کر دیا

عدالت کا چودھری شوگر ملز کے سی ای او یوسف عباس شریف اور حسیب وقاص شوگر ملز کے سی ای او شفیع معراج شریف کو8مئی کو پیش ہونے کا حکم عدالتی فیصلوں کو مذاق بنانے کا دور گزر چکا ہے، عدالتی فیصلوں پر ہر ایک کو عمل درآمد کرنا ہوگا‘چیف جسٹس کے ریما کس

بدھ 26 اپریل 2017 23:13

لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی پابندی کے باوجود گنے کی کرشنگ پر وزیر اعظم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی پابندی کے باوجود گنے کی کرشنگ پر وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف کے بھتیجے اور چچا زاد بھائی کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کر دیا‘ عدالت نے چودھری شوگر ملز کے سی ای او یوسف عباس شریف اور حسیب وقاص شوگر ملز کے سی ای او شفیع معراج شریف کو8مئی کو پیش ہونے کا حکم جاری کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالتی فیصلوں کو مذاق بنانے کا دور گزر چکا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے جہانگیر ترین کی طرف سے شریف خاندان کی 3شوگر ملز کی جنوبی اضلاع منتقلی کے خلاف درخواستوں پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل اعتراز احسن چودھری نے بنچ کو آگاہ کیا کہ ہائیکورٹ نے مذکورہ دونوں شوگر ملز کو سربمہر کرتے ہوئے گنے کی کرشنگ اور اس سے متعلق دیگر امور پر پابندی عائد کر دی تھی لیکن عدالتی حکم کو نظر انداز کرتے ہوئے دونوں شوگر ملز نے گنے کی کرشنگ کی اور کاشتکاروں سے گنا بھی وصول کیا، شوگر ملز مالکان نے یہ تاثر دیا ہے کہ حکومتی خاندان ہونے کی وجہ سے ان پر کوئی عدالتی حکم لاگو نہیں ہوتا، اعتزاز احسن نے بنچ کے روبرو دونوں شوگر ملز کی طرف سے گنے کی کرشنگ کا ریکارڈ اور دستاویزات پیش کیں جس کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے وزیر اعظم نواز شریف کے مذکورہ قریبی عزیزوں کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کر دیئے عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی فیصلوں کو مذاق بنانے کا دور گزر چکا ہے، عدالتی فیصلوں پر ہر ایک کو عمل درآمد کرنا ہوگا، عدالت نے چودھری شوگر ملز کے سی ای او یوسف عباس شریف اور حسیب وقاص شوگر ملز کے سی ای او شفیع معراج شریف کو 8مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے جبکہ شوگر ملز منتقلی کیس کی معمول کی سماعت آج 27اپریل کو ہوگی۔