کھا دوں کی قیمتو ں میں کمی کی بدولت گندم کی اوسط پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا،ڈاکٹرفرخ جاوید

بدھ 26 اپریل 2017 23:02

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) صو بائی وزیر لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب چھوٹے کسانوں کے مالی استحکام کے لئے کوشاں ہے۔ کاشتکاروں کی شبانہ روز محنت کی بدولت زرعی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے اور ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔رواں سال حکومت پنجاب کے کھا دوں کی قیمتو ں میں کمی کے انقلابی اقدا مات کی بدولت گندم کی اوسط پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ،وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق کسانوں کو ریلیف دینے کے لئے ان سے گندم کا دانہ دانہ خریدا جائے گا اور کسانوں کی محنت کا پھل انہیںضرور دلائیں گے، حکومت کے پاس گندم کا وافر سٹاک ہونے کے باوجود ریکارڈ گندم خرید کی جا رہی ہے ،گندم خریداری مراکز میں بہتر ین انتظامات پر کسان خوش ہیں ۔

(جاری ہے)

اس مرتبہ بیوپاریوں کا کردار ختم کر دیا گیا ہے اور کسان با آسانی بغیر کسی کو پیسے دیئے حکومت کو گندم فروخت کر رہے ہیں، باردانہ تقسیم کا عمل مکمل ہو چکا ہے ،جلدہی خریداری بھی شروع ہو جائے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار غازی پور ، پی آر سنٹر جلال پور پیروالا اور گردیز پور شجاع آباد میں گندم خریداری مراکز پر کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جلال پور پیروالا لیاقت علی کلہوڑ ،محکمہ خوراک کے افسران بھی موجود تھے۔صو بائی وزیر ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ گندم کی خریداری کا عمل شفافیت پر مبنی ہو ، کاشتکاروں کا استحصال کرنیوالے بیوپاریوں کا خریداری مراکز میں داخلہ ممنوع ہے ، سنٹرز کا تمام عمل کمپیوٹرائزڈ کر نے کا مقصد کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کر نا ہے ، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر دور دراز کے علاقوں میں کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کر نے کیلئے وزراء سمیت تمام صو بائی انتظامیہ سرگرم ہے ۔

خریداری مراکز کا عملہ بلا روک ٹوک ایمانداری سے اپنا کام انجام دے ۔ ہماری مشترکہ کاوشوں کی بدولت کسانوں کو ان کی محنت کا پھل ضرور ملے گا۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے گندم خریداری مراکز پر موجود کاشتکاروں کو یقین دلایا کہ بوریوں کی مزید فرا ہمی یقینی بنا نے کے لئے حکومت ہنگامی اقدامات بھی کر رہی ہے ۔سٹیزن فیڈ بیک کے ذریعے شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے ۔

خریداری مراکز پر کاشتکار نمائندگان کی موجودگی اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ حکومت پنجاب شفاف انداز میں کسانوں سے گندم خریدنا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے نمائندے محکمہ فوڈ کے اہلکاروں کی غیر قانونی سرگرمیوں پر نظر رکھیں ،ان کی کرپشن اور من مانیوں کی نشاندہی کریں جس پر فوری ایکشن لیا جائے گا ۔اس موقع پر صو بائی وزیر نے خریداری مراکز پر موجود کاشتکاروں سے ان کے مسائل بھی پوچھے اور ان کے حل کے لئے فوری احکامات بھی جاری کئے۔

متعلقہ عنوان :