عوام کو صحت کی اعلیٰ سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ،کمشنر ملتان

بدھ 26 اپریل 2017 23:02

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں جاری اور تکمیل شدہ منصوبے عوامی فلاح کے لئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے وژن کے مطابق عوام تک صحت کی اعلیٰ سہولیات کی سہل رسائی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز، ریجنل بلڈ سنٹر ملتان، چلڈرن کمپلیکس توسیعی بلاک اور دیگر کئی منصوبے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔

میٹرو بس منصوبہ بھی جنوبی پنجاب کی پہچان ہے جس سے عوام کو آرام دہ سفری سہولت میسر ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے پروموشن کے لئے زیر تربیت سینئر افسران کے وفد کو ملتان بارے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا کہ ملتان اولیاء کرام کی دھرتی ہے اور یہاں کے لوگ بہت میٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

ملتان کا سوہن حلوہ اور آم بہت مشہور ہے جبکہ کاشی اورنکاشی میں ملتانیوں کا جواب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین کاریڈور سے ملتان کی صنعت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ فیصل آباد سے ملتان اور ملتان سے سکھر جانے والی 392کلومیٹر طویل موٹروے اور ملتان انر سٹی رنگ روڈ کو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔کمشنر نے کہا کہ ملتان قدیم ترین زندہ شہر ہے اس لئے اس کے ورثے کو اصل حالت میں بحال رکھنا بھی ضروری ہے۔ والڈ سٹی منصوبہ کے تحت اندرون شہر کی قدیمی حالت کو برقرا ر رکھنے کے لئے تعمیرات کی جارہی ہیں جبکہ عنقریب گھنٹہ گھر میں عوام کو میوزیم بھی دیکھنے کو ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے صاف پانی منصوبہ کے تحت عوام کو صاف پانی جلد میسر ہوسکے گا۔ حکومت پنجاب نے خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ملتان میں انسداد تشدد مرکز برائے خواتین کی بنیاد رکھی جو کہ جنوبی ایشیاء کا اپنی طرز کا واحد سنٹر ہے اور اب بخوبی کام کررہا ہے۔اراضی ریکارڈ سنٹر فنکشنل ہونے سے بھی شہریوں کو فرد ملکیت، انتقال اور دیگر اراضی معاملات میں ریلیف مل رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب پالیسی کے تحت تمام سکولوں کو جدید تقاضوں سے ہمکنار کیا جارہا ہے تاکہ سرکاری سکول پرائیویٹ سکولوں کے برابر آسکیں جبکہ خادم اعلیٰ پنجاب اجالا پروگرام کے تحت تمام سکولوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔کمشنر ملتان نے کہا کہ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی بخوبی اپنا کام سرانجام دے رہے ہیں۔

واسا کو شہر بھر میں جاری تمام کاموں کی جلد تکمیل کے لئے ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے جبکہ پارکوں اور گرین بیلٹس کی حالت بہتر بنانے کے لئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی رہائشی کالونیاں ایک بڑا مسئلہ ہیں جس کے حل کے لئے لائحہ عمل تیار کیاجارہا ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر اشتمال تنویر اقبال، ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن سرفراز احمد، ایڈیشنل کمشنر جنرل مسعود احمد بخاری اوراسسٹنٹ کمشنر ریونیو رانا اخلاق بھی موجود تھے۔کمشنر ملتان بلال احمد بٹ نے افسران کے وفد کو سوینئر بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :