حکومت کو وعدوں کی تکمیل کیلئے وقت دیا ،اگر قبل از وقت گھر چلے جاتے یہ رونا روتے کہ کام نہیں کرنے دیا گیا‘ قمر زمان کائرہ

لوڈ شیڈنگ کے خلاف تحریک کا آغاز کر دیا ،نئی منطق آئی ہے کہتے ہیں ہمیں ووٹ دیں پانچ سال میں لوشیڈنگ کم ہوجائے گی خان صاحب سولو فلائٹ سے قوم کی خدمت نہیں ہوتی ،10ارب کی رشوت کی پیشکش کا معاملہ انتہائی اہم ہے ‘ رابطہ مہم کی تقریب سے خطاب

بدھ 26 اپریل 2017 22:56

حکومت کو وعدوں کی تکمیل کیلئے وقت دیا ،اگر قبل از وقت گھر چلے جاتے یہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ حکومت کو وعدوں کی تکمیل کیلئے وقت دیا ،اگر قبل از وقت گھر چلے جاتے یہ رونا روتے کہ انہیں کام نہیں کرنے دیا گیا،لوڈ شیڈنگ کے خلاف تحریک کا آغاز کر دیا ،اب ایک نئی منطق آئی ہے کہتے ہیں ہمیں ووٹ دیں پانچ سال میں لوشیڈنگ کم ہوجائے گی ،،اگر عوام لوڈشیڈنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں تو گھر میں بجلی استعمال نہ کریں ،خان صاحب سولو فلائٹ سے قوم کی خدمت نہیں ہوتی ،10ارب کی رشوت کی پیشکش کا معاملہ انتہائی اہم ہے ، حکمران خاندان کی کرپشن کے قصے گھر گھر میں زیر بحث ہیں ، مریم نواز کا نام پانامہ فیصلے اور نیوز لیکس رپورٹ میں کیوں نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چار مئی کو مینار پاکستان پر لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کے سلسلہ میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں جی ٹی روڈ شاہدرہ میں کارکنوں سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پنجاب اور لاہور کے رہنما بھی موجود تھے ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف تحریک کا آغاز شاہدرہ سے کیا ہے جسے پورے پاکستان میں پھیلائیں گے ۔

لوگ کہتے ہیں کہ ہم نے تاخیر سے تحریک کا آغاز کیا ہے لیکن ہم نے حکومت کو عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کے لئے وقت دیا ،اگر قبل ازوقت چلے جاتے تو یہ روناروتے کہ انہیں کام نہیں کرنے دیا گیا ،چار سال گزر چکے آج میدان عمل میں ہیں ،عوام سے کہا گیا تھاکہ چھ ماہ کے اندر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کریں گے لیکن ہم نے چار سال انتظار کیا ،آج ملک میں بیس ،بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہے ،حکومت اپنے وعدوں میں ناکام ہو چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے بعد نگران حکومت نے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھایا تاکہ لوگوں کو غصہ آئے جس نے بھی یہ کا م کیا اس کو عہدہ دیا گیا ،وزیر اعظم نواز شریف اپنے بھائی کی آنی جانی دیکھیںاور اب ایک نئی منطق آئی ہے کہتے ہیں ہمیں ووٹ دیں پانچ سال میں لوشیڈنگ کم ہوجائے گی ،اگر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں تو عوام گھر میں بجلی استعمال نہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ سٹیل مل نقصان میں ہے ،پی آئی اے گھاٹے میں ہے ،کہتے تھے ریلوے کو خسارہ سے نکالیں گے لیکن سب کا نقصان بڑھ گیا ،قرضہ بڑھ گیا ،تم نے ہر بچے کے ہاتھ میں کشکول دیدیا ،حکمران بتائیں کونسا وعدہ ہے جو پورا کیا گیا ۔ساری قوم جانتی ہے کسی عدالتی فیصلے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ قوم جانتی تھی کہ ایک چھوٹے سے کارخانے سے یہ سب کیسے آگے آئے ۔

ہماری قیادت پر الزام وہ ہیں جو سیف الرحمان اور شہباز شریف اور اس کے ساتھیوں نے لگائے ۔حکمران خاندان رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے ، سپریم کورٹ نے فیصلہ سنا دیا ہے ۔ججز صاحبان نے کہا کہ آپ نے اسمبلی میں قوم سے جھوٹ بولا ہے ۔یہ کمال لوگ ہیں جیل جاتے بادشاہ کا سہارا لیتے اور باہر نکل جاتے لیکن ہم نے آمروں سے سمجھوتے نہیں کیے ،بھٹو نے پھانسی کا پھندا قبول کر لیا لیکن معاہد ہ نہ کیا لیکن آپ معاہدہ کر کے جدہ چلے گئے ،حکمران خاندان کی داستان کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، آپ کس کس لیک سے بچیں گے ۔

مریم نواز شریف کو بینیفشریز کہا گیا مگر عدالت کے فیصلے میں انکا نام کیوں نہیں ہم نے یہ دیکھنا ہے آپ کو کس کس طرح سے بچایا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ خان صاحب کو وقت گزرنے کے بعد سمجھ آتی،،سولو فلائٹ سے قوم کی خدمت نہیں ہوتی ،آپ نے اپنے غلط فیصلوں سے نواز شریف کو مضبوط کیا ۔ انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ نے گالم گلوچ بریگیڈ رکھی ہوئی ہے جو دوسروں پر کیچڑ اچھالتے ہیں لیکن اب انصاف ہو گا اور میاں صاحب نہیں بچیں گے ۔ عمران خان کا 10ارب رشوت کی پیشکش والا معاملہ انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 4مئی کو مینار پاکستان پر میٹنگ ہے جہاں شہباز شریف پنکھے والا ڈرامہ کر تے تھے۔

متعلقہ عنوان :