قبائلی علاقوں کی عوام کو آمدروفت کی سہولیات فراہم کرنے کے جامع منصوبے کے تحت 450کلو میٹر کی نئی پختہ سڑکیں تعمیرکی جائیں گی

بدھ 26 اپریل 2017 22:54

ڈی جی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء)حکومت پنجاب ڈیرہ غازیخان اور راجن پور اضلاع کے قبائلی علاقوں کی عوام کو آمدروفت کی سہولیات فراہم کرنے کے جامع منصوبے کے تحت 450کلو میٹر کی نئی پختہ سڑکیں تعمیر کرے گی جنہیں آئندہ پانچ سالوں میںمرحلہ وار مکمل کیاجائے گا․ اس کے علاوہ ٹرائیبل ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی سکروٹنی و اپروول کمیٹی نے مفاد عامہ کے 62نئے منصوبوں کی بھی منظوری دی ہے جن پر مجموعی طو رپر چار کروڑ 36لاکھ روپے لاگت آئے گی․ منظور ہونے والے منصوبوں میں زیادہ تر واٹر سپلائی ، آبپاشی کیلئے گہرے کنووں کی کھدائی ، فلڈ پروٹیکشن بند ، جیپ ایبل ٹریک کی تعمیر ، سولر ٹیوب ویل ، زرعی مقاصد کیلئے پائپ لائنوں کی بچھائی اور قبائلی گھروں کو روشن کرنے کیلئے بجلی کے متبادل 748سولر سسٹم کی تنصیب شامل ہے ․ یہ بات ٹی اے ڈی پی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر خورشید کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتائی گئی جس میں پولیٹیکل اسسٹنٹ ڈیرہ غازیخان بابر بشیر ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ آفتاب احمد ملک ، رسالدار بی ایم پی سردار شیر افگن گورچانی ، ایکسیئن قاضی اشفاق احمد ، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ سید گل حسن کے علاوہ لائیو سٹاک ، زراعت ، تعلیم ، این آر ایس پی او رٹی اے ڈی پی کے مختلف شعبوں کے افسروں نے شرکت کی ․ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایاکہ ٹرایبل ایریا کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کیے جار ہے ہیں ․ انہوںنے کہاکہ قبائلی علاقوں میں ہیلتھ اور ویٹرنری سروس کی ڈلیوری کو بہتربنانے کیلئے آئندہ سال سے ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکل سٹاف اور ادویات پر مشتمل موبائل ہیلتھ اینڈ ویٹرنری ڈسپنسری وین سروس شروع کی جارہی ہے جس سے قبائلی عوام اور ان کے جانوروں کی صحت کی دیکھ بھال ایک فون کال پر کی جاسکے گی ․ یہ موبائل ہیلتھ اینڈ ویٹرنری سروس قبائلی علاقہ کی دو یونین کونسلوں کو سروس فراہم کرے گی․ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہاکہ ٹی اے ڈی پی کی کابینہ کمیٹی نے ڈیرہ غازیخان او رراجن پور کے قبائلی علاقوں کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طو رپر چار نئی سڑکوں ماڑی تا خلچاس ، نیلاگ تھوگ تا پھرسر، ستہ تا پھگلہ براستہ رن چاری اور ہنگلوں تا بارتھی کی تعمیر جبکہ تین پرانی سڑکوں کھمبی تا ماڑی ، سخی سرور تا رونگھن اور زین تا بارتھی کی مرمت کی منظوری دی ہے جس پر جلد کام شروع کیا جائے گا․ اجلاس میں ٹی اے ڈی پی کے جاری منصوبوں پر اب تک ہونے والی فزیکل و فنانشل پراگریس کا تفصیلی جائزہ لیاگیا․ بتایاگیاکہ ٹرائیبل ایریا میں 11پختہ سڑکوں میں سے سات سڑکیں 30جون تک جبکہ باقی چار سڑکیں دسمبر 2017تک مکمل کر لی جائیں گی جن پر اب تک ایک ارب 56کروڑ 55لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں اسی طرح دونوں اضلاع کی دس یونین کونسلوں میں 15095پچاس واٹ کے سولر سسٹم تقسیم کیے گئے ہیں ․ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایاکہ قبائلی علاقوں کے آخری گھر کو ر وشن کرنے کیلئے اس سکیم کو جاری رکھا جائے گا۔