’گونواز گو‘‘ آخری مرحلہ شروع ہو رہا ہے ، خواتین دوبارہ ہرآول دستہ ثابت ہوں گی ‘عبدالعلیم خان

ڈان لیکس کی رپورٹ فوری طور پر پبلک کی جائے ، مزید سسپنس سے رپورٹ مشکوک ہو گی‘صد ر تحریک انصا ف سنٹرل پنجاب

بدھ 26 اپریل 2017 22:25

’گونواز گو‘‘ آخری مرحلہ شروع ہو رہا ہے ، خواتین دوبارہ ہرآول دستہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ قوم کو کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں سے جلد نجات ملنے والی ہے گذشتہ35برسوں سے پنجاب اور وفاق میں اقتدار میں رہنے والے شریف خاندان کو اب مزید مہلت نہیں ملے گی ، 28اپریل کے تحریک انصاف کے جلسے سی" گو نواز گو" کا آخری اور حتمی مرحلہ شروع ہو رہا ہے جس میں پی ٹی آئی کی خواتین د وبارہ ہرآول دستہ ثابت ہوں گی اور ماضی کی طرح عمران خان کی قیادت میں عوام دوبارہ سڑکوں پر ہوں گے ۔

عبدالعلیم خان نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی سنٹرل پنجا ب ویمن ونگ کی ایڈوائزی اور ایگزیکٹو کونسل کے علیحدہ علیحدہ اجلاسوں کی صدارت کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنی نا اہلی ثابت کر دی ہے اور اب گو نواز گو کے نعرے میں پی ٹی آئی کے علاوہ اور بھی سیاسی جماعتیں اس مطالبے میں شامل ہو چکی ہیں جبکہ وفاقی وزراء شکست خوردہ انداز میں اپنے کرپٹ لیڈر کا مجبوراً دفاع کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ 28اپریل کو اسلام آباد کا پی ٹی آئی کا جلسہ ایک اچھے انجام کا آغاز ثابت ہو گا اور قوم کو کرپشن زدہ حکمرانوں سے چھٹکارہ حاصل ہو جائے گااجلاس میں اسلام آباد کے جلسے کیلئے خواتین کے مختلف گروپس تشکیل دیے گئے اور انہیں ذمہ داریاں تفویض کی گئیں ۔عبدالعلیم خان نے پارٹی خواتین سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی ان اجلاسوں میں ثانیہ کامران ،مدیحہ وقاص ،انیلہ ساجد بیگ ،ثانیہ سعید اور صائمہ شوکت نے بھی اظہار خیال کیا اور یقین دلایا کہ خواتین کارکن ماضی کی طرح اس احتجاج میں بھی بھرپور شرکت کریں گی اور عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی جدوجہد کو نتیجہ خیز بنایا جائے گا جس کا وقت جلد آنے والا ہے۔

دریں اثناء پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی ڈان لیکس کی رپورٹ کو وزیر اعظم آفس میں دبائے رکھنا افسوسنا ک ہے اسے فوری طور پر پبلک کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ورنہ مزید سسپنس پیدا کرنے سے رپورٹ مشکوک ہو جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ شریف خاندان اور ان کے حواری کبھی بھی افواج پاکستان اور قومی اداروں کے باروں میں نرم گوشہ نہیں رکھتے ریاست کے خلاف خبر شائع ہونا خود حکومت کی ناکامی ہے اور اب اس کے اصل ذمہ داران کو دائیں بائیں کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کی تحریک انصاف مذمت کرے گی۔

متعلقہ عنوان :