Live Updates

عمران خان بڑی باتیں نہ کریں ،ْ 10 ارب کی پیشکش کے ثبوت دکھائیں ،ْتفصیل بتائیں ،ْ سعد رفیق

جلنے والے جلتے رہیں گے ہم کام کرتے آگے بڑھتے رہیں گے ،ْوفاقی وزیر ریلوے کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 اپریل 2017 22:22

عمران خان بڑی باتیں نہ کریں ،ْ 10 ارب کی پیشکش کے ثبوت دکھائیں ،ْتفصیل ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان بڑی باتیں نہ کریں اور 10 ارب کی پیشکش کے ثبوت دکھائیں اور تفصیل بتائیں ورنہ لمبی لمبی چھوڑنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان بڑی باتیں نہیں کریں، یہ بتائیں انہیں کس نے 10 ارب کی پیش کش کی اور کب کی، وہ تفصیل بتائیں ورنہ لمبی لمبی چھوڑنے کا کوئی فائدہ نہیں، انہوں نے کہا کہ جلنے والے جلتے رہیں گے ہم کام کرتے آگے بڑھتے رہیں گے کیوں کہ ملک کے لیے کسی نے کچھ نہیں کیا، اگر کسی نے کچھ کیا ہے تو وہ نوازشریف، شہبازشریف اورن لیگ نے کیا ہے جب کہ کچھ لوگ سی پیک کا کریڈٹ لیتے ہیں ان کے دورمیں توسی پیک کانام بھی نہیں تھا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ابھی ریلویز کا بڑا لمبا سفر ہے بہت سا کام ہوا ہے اور بہت سا ہونا ہے، چاہتاہوں اکانومی کلاس بھی ایئرکنڈیشنڈ ہوں جو اگلے 4 سے 5 سال میں ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں شیخ رشید کی طرح ٹرینوں کو رنگ و روغن نہیں کروا رہا، ہم نئی گاڑیاں چلارہے ہیں اور ٹرینوں کی ایک ایک چیز نئی لگا کر لانچ کررہا ہوں جب کہ ریلوے پولیس کی تنخواہیں کم ہیں جنہیں جانے سے پہلے بہترکریں گے اور ریلوے میں اصلاحات کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات