Live Updates

عمران خان کے 10ارب روپے کی پیشکش کے چھوٹے ،من گھڑت بیان کا مذاق بن رہا ہے ،ثبوت سامنے لائیں ‘ سردار ایاز صادق

جس طرح اب عمران خان نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانا لگتا ہے جے آئی ٹی سے نواز شریف کے حق میں فیصلہ آنے پر بھی نہیں مانیں گے ایران نے راہداری منصوبے کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کی ہے ، قوم ملکر منصوبے کو کامیاب کریگی‘ اسپیکر قومی اسمبلی کا خطاب ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 اپریل 2017 22:22

عمران خان کے 10ارب روپے کی پیشکش کے چھوٹے ،من گھڑت بیان کا مذاق بن رہا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان کے 10ارب روپے کی پیشکش کے چھوٹے اور من گھڑت بیان کا مذاق بن رہا ہے وہ ثبوت سامنے لائیں ،جس طرح اب عمران خان نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانا لگتا ہے کہ جے آئی ٹی سے نواز شریف کے حق میں فیصلہ آنے پر بھی نہیں مانیں گے، ایران نے چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کی ہے ، قوم ملکر اس منصوبے کو کامیاب کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 124 کے عہدیداران میں نوٹیفکیشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ یونین کونسل کی چھ وارڈوں میں تنظیم سازی ہوئی ہے یوتھ ایکسٹرا بناناپڑا شوق نوجوانوں کا قابل ستائش ہے ، یہ میاں نواز شریف پر اعتماد کرنا ہے تاکہ 2018کے انتخابات میں کرداراداکریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران کے دورے سے واپس آیا ہوں خوشی کی بات یہ ہے کہ ایران کے صدر نے سی پیک کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کی ہے ، اس سے چین ایران تجارتی تعلقات بڑھ جائیں گے اور پاکستان کا نمایاں کردار ہو گا اور تعلقات بھی مستحکم ہوں گے جبکہ ایران چاہتا ہے کہ پاکستان تمام اسلامی ممالک کو اکٹھا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی راستے پر گامزن ہے دہشت گردی کم ہو رہی ہے ،دشمن سی پیک کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے قوم مل کر اس کو کامیاب کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ 10ارب روپے بہت بڑی رقم ہوتی ہے بغیر ثبوت کے بات کرنا بہت آسان ہے ، پانامہ خاموشی پر عمران خان کو 10ارب روپے کی آفر کس نے اور کہاں دی وہ ثبوت دیں ،جھوٹا الزام اور تہمت نہ لگائیں یہ من گھڑت کہانی ہے جس کا مذاق بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصلوں پر اختلافی نوٹ آتے رہتے ہیں لیکن فیصلہ وہ مانا جاتا ہے جو اکثریتی ججزپر مشتمل ہو ۔

لیکن لگتا ہے کہ جے آئی ٹی کا فیصلہ نواز شریف کے حق میں آئے گا اور عمران خان اسے بھی تسلیم نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے کاغذات آئے تھے میں نے تفتیش کرنی تھی اور نہ ہی گواہوں کو بلانا تھا ، سپریم کورٹ کا کام تحقیقات کرنا تھا میں محدود ہی کام کر سکتا تھا آج بھی اپنے فیصلے پر کھڑا ہوں ۔وزیر اعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی میں جو تقریر کی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے کچھ باتیں اسمبلی اور کچھ سپریم کورٹ میں کہیں ۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آصف علی زرداری پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں جا رہے ہیں ، (ن) لیگ بھی کے پی کے اور سندھ میں سیاست کرے گی ۔زرداری کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے یہ جمہوریت کا حسن ہے 2018ء کے انتخابات کا فیصلہ کسی سیاستدان نے نہیں عوام نے کرناہے اور مجھے یہ لگتا ہے کہ 2018کے انتخابات میں چاروں صوبوں میں (ن)لیگ کی حکومت ہو گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات