ضلع ہری پور کے تمام تھانوں کی حدود کے آغاز و اختتام پر سرکاری طور پر بورڈ آویزاں کرنے کا مطالبہ

بدھ 26 اپریل 2017 22:16

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) ضلع ہری پور کے تمام تھانوں کی حدود کے آغاز و اختتام پر سرکاری طور پر بورڈ آویزاں کئے جائیں تاکہ کسی بھی حادثہ یا واقعہ پر کوئی ابہام باقی نہ رہے اور انسانی نعشوں کی بے حرمتی بھی نہ ہو۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلع ہری پور میں اکثر و بیشتر ایسے علاقے موجود ہیں جہاں مختلف تھانوں کی حدود کا تعین تاحال ممکن نہیں ہو سکا، حدود کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے اکثر اوقات کسی بھی واقعہ یا باالخصوص حادثہ و قتل کی صورت میں عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

حدود کا واضح تعین نہ ہونے کی وجہ سے انسانی نعشوں کی کئی کئی گھنٹے بے حرمتی ہوتی رہتی ہے۔ علاوہ ازیں شدید زخمیوں کو بھی لوگ پولیس اور تھانے کی حدود نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتال نہیں پہنچاتے۔ مختلف سیاسی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او ہری پورسے تمام پولیس سٹیشنوں کی حدود کے آغاز اور اختتام پر بورڈ نصب کرنے کا بھرپور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدانخوانستہ کسی بھی حادثہ یا واقعہ کے رونما ہونے پر تھانوں کی حدود میں مشکلات سے بچا جا سکے۔