وفاق المدارس کے زیر اہتمام ضلع چکوال کے 104 دینی مدارس کے طلباء امتحانات دے رہے ہیں،مولانا غلام مرتضیٰ

بدھ 26 اپریل 2017 22:14

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) وفاق المدارس کے زیر اہتمام چلنے والے ضلع چکوال کے 104 دینی مدارس کی1800کے قریب طلباء وطالبات امتحانات دے رہے ہیں اور اس کیلئے ضلع چکوال میں مجموعی طور پر17 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں چھ سنٹر تحصیل چکوال اور گیارہ امتحانی سنٹر تحصیل تلہ گنگ میں قائم کیے گئے ہیں۔ یہ بات وفاق المدارس ضلع چکوال کے سربراہ مولانا غلام مرتضیٰ نے منگل کے روز اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

اس موقع پر معروف نوجوان مذہبی رہنما صاحبزادہ محمود الحسن نقشبندی بھی موجود تھے۔ مولانا غلام مرتضیٰ نے بتایا کہ1500کے قریب طالبات اور ساڑھے تین سو کے قریب طلباء امتحانات دے رہے ہیں اور نگران عملے کی تعداد78 ہے۔ صاحبزادے محمود الحسن نقشبندی نے بتایا کہ اس وقت ضلع چکوال کی104دینی مدارس میں تین ہزار کے قریب طلباء وطالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن کومفت دینی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے ،کتابیں بھی مفت دی جا رہی ہیں طلباء وطالبات صرف داخلہ فیس اور امتحانی فیس جمع کراتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس کی سند اور ڈگریوں کو حکومتی اعلیٰ اداروں نے تسلیم کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے ان دینی مدرسوں میں طلباء وطالبات کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ صاحبزادہ محمود الحسن نے مزید کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں لہٰذا ان کے بارے میں کیے جانے والا پراپیگنڈہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔