ڈینگی کا خاتمہ عوامی تعاون اور احتیاط سے ہی ممکن ہے ، حکومت پنجاب ڈینگی کے کنٹرول میں سنجیدہ ہے،چوہدری خورشید بیگ

بدھ 26 اپریل 2017 22:14

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) ڈینگی کا خاتمہ عوامی تعاون اور احتیاط سے ہی ممکن ہے ، حکومت پنجاب ڈینگی کے کنٹرول میں سنجیدہ ہے تمام محکمے ڈینگی کے خلاف کمر بستہ ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمیں ضلع کونسل چکوال چوہدری خورشید بیگ نے بدھ کے روز ضلع کونسل کمیٹی روم میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں چیف آفیسر ضلع کونسل، ڈی او ہیلتھ، ڈی او ایجوکیشن، ڈی او ماحولیات، ڈی او ریگولیشن کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ چکوال ڈاکٹر علیم دانش اور ماہر حشرات الارض راجہ شکیل نے اجلاس کو انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اقدامات ، تیاریوں اور کنٹرول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس کو بتایا گیا کہ انسداد ڈینگی سے متعلق محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے پاس مطلوبہ آلات اور مشینری موجود ہے اور مکمل تیاری کی حالت میں ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کیڑے مار ادویات کا سٹاف دستیاب ہے اور ضرورت پڑنے پر منگوالے کے بھی انتظامات موجو دہیں ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ ماحولیات غیر استعمال شدہ ٹائروں کی تلفی اور کباڑ خانوں کی سویپنگ اور قبرستانوں میں لاروا کی تلفی اور صفائی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ جس پر وائس چیئرمین ضلع کونسل نے شرکاء اجلاس سے کہا کہ موسم کی تبدیلی کی وجہ سے ڈینگی مچھر ممکنہ طور پرافزائش شروع کر سکتا ہے ، تمام محکمے مشاورتی میکنزم کے ذریعے ابھی سے کام کریں تاکہ یہ پھیلنے نہ پائے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ڈینگی کا خاتمہ صفائی اور احتیاط سے ہی ممکن ہے۔ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھنے میں اجتماعی اور انفرادی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔ اپنے گھروں اور آس پاس کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں کیونکہ ڈینگی کا خاتمہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اسے ہم نے ہی حل کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :