بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے نیو کراچی،نارتھ کراچی میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے متعدد ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کر دیا

بدھ 26 اپریل 2017 22:09

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے نیو کراچی،نارتھ کراچی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے نیو کراچی،نارتھ کراچی میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے متعدد ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق 5000روڈ ‘ناگن چورنگی ‘پاور ہائوس چورنگی ‘ سلیم سینٹر سے مدیحہ اسٹاپ تک ٹریفک جام کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے سڑک کے کنارے اور فٹ پاتھ پر لگے متعدد پتھاروں‘ ٹھیلوں اور دیگر تجاوزات کو ہٹادیا۔

اس مہم کے دوران ٹھیلے ‘ پتھارے‘ لوہے کے کائونٹر اور مختلف اسٹالوں سے تربوز اٹھا لیے اور تربوز کا ایک ٹرک ایدھی ٹرسٹ میں جمع کرا دیاجبکہ قبضے میں لیے گئے تمام سامان کو کے ایم سی اسٹور میں جمع کرا دیا گیا۔

(جاری ہے)

تمام سامان کو ہٹا کر سڑک اور فٹ پاتھ کو پیدل چلنے والوں کے لیے صاف کر دیا۔ تجاوزات کے خاتمے کی یہ کارروائی سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات محمد نذیر لاکھانی کی سربراہی میں انجام دی گئیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنر فہیم خان‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر کامران علوی‘ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد یونس اور انسداد تجاوزات کا عملہ اور علاقہ پولیس بھی اس موقع پر موجود تھی۔

تجاوزات کے خلاف یہ اقدام شہریوں کی ان شکایات پر کیا گیا کہ تجاوزات کی وجہ سے سڑک اور فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ مختلف نوعیت کے جرائم بڑھ رہے ہیں۔ نیو کراچی 5000روڈ‘ ناگن چورنگی‘ سلیم سینٹر‘ پاورہائوس چورنگی سے مدیحہ اسٹاپ تک تجاوزات کا صفایا کرنے کے بعد یہاں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :