عبدالستار ایدھی کی طرح فیصل ایدھی بھی دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں،وسیم اختر

سندھ حکومت بڑی بڑی عمارتوں کی تعمیر کی اجازت تو دے رہی ہے لیکن یہ نہیں سوچا جارہا اگر خدانخواستہ ان میں آگ لگ گئی تو کیسے بجھائی جائے گی، میئرکراچی

بدھ 26 اپریل 2017 22:09

عبدالستار ایدھی کی طرح فیصل ایدھی بھی دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کی طرح فیصل ایدھی بھی دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، ایدھی سینٹر آکر فخر محسوس کررہا ہوں ، سندھ حکومت بڑی بڑی عمارتوں کی تعمیر کی اجازت تو دے رہی ہے لیکن یہ نہیں سوچا جارہا کہ اگر خدانخواستہ ان میں آگ لگ گئی تو کیسے بجھائی جائے گی، یہ بات انہوںنے بدھ کی سہ پہر ایدھی فائونڈیشن کے صدر دفتر کھارادر کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرسینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ملاقات کے دوران ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے میئر کراچی کو عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اطراف میں حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کردہ یادگاری سکہ پیش کیاجس پر میئر کراچی نے کہا کہ انہیں یہ تحفہ وصول کرکے خوشی ہوئی ہے ، اس موقع پر فیصل ایدھی نے دس ایمبولینس گاڑیاں کے ایم سی کے محکمہ فائر بریگیڈ کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں موجودہ فائر فائٹنگ گاڑیاں اتنے بڑے شہر کے لئے ناکافی ہیںلہٰذا فائر بریگیڈ کے محکمے کو مزید توجہ کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا براہ راست تعلق بلدیاتی اداروں سے ہے لہٰذا بلدیاتی حکومت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کے روزمرہ مسائل تیزی سے حل ہوں انہوں نے کہا کہ میں حکومت سندھ سے اپیل کرتا ہوں کہ بلدیاتی حکومت کیساتھ تعاون کریں ۔

متعلقہ عنوان :