حلیم عادل شیخ کی قیادت میں پی ٹی آئی کا انصاف کارواں مہم کے دوسرے روز میرپور خاص سے ہوتا ہوا کھپرو،سانگھڑ،شہداد پور ٹنڈوم آدم ،مٹیاری جاپہنچا

جگہ جگہ پی ٹی آئی کے کارکنوں اور عہدیداروں کی جانب سے شاندار استقبال سندھ کی خوشحالی کے لیے عوام 28اپریل کے جلسے میں پہنچے‘حلیم عادل شیخ

بدھ 26 اپریل 2017 21:54

حلیم عادل شیخ کی قیادت میں پی ٹی آئی کا انصاف کارواں مہم کے دوسرے روز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء)تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی قیادت میں پی ٹی آئی کا انصاف کارواں مہم کے دوسرے روز دوسرے روزمیرپور خاص سے شروع ہوا جبکہ کھپرو،سانگھڑ،شہداد پور ،ٹنڈوم آدم سے ہوتا ہوا مٹیاری جاپہنچا ، جگہ جگہ پی ٹی آئی کے کارکنوں اور عہدیداروں کی جانب سے شاندار استقبالیہ دیاگیا کئی شہروں اور دیہاتوں میں قافلہ پہنچنے پر جلسے کا سماں بندھ گیا ،گلی ،محلوں ،سڑکوں چوراہوں پر اسلام آباد جلسے میں پہنچنے کے حوالے پمفلٹ تقسیم کیئے گئے ،عوام کے جوش وخروش کا یہ عالم تھا کہ رش کے باعث انصاف کارواں کا آگے بڑھنا محال ہوگیا ہر طرف گو نواز گو اور جئے عمران خان کے نعروں سے سندھ کے اضلاع گونجتے رہے ،حلیم عادل شیخ کے ہمراہ منارٹی ونگ کے رہنما جے پرکاش اکرانی،علی میر جت،طاہر نیازی نور نبی شاہ، نفیس میمن ، ، صدام کنبھر،عامر پٹھان،دعا بھٹو، انیسہ ولی اللہ ، شبانہ نواب ،اقرا بھٹو،صدرہ قریشیمشتاق جونیجو،ندیم سیال زکی خان ،احمد پٹھان اور دیگر رہنما ئوں نے ہر طبقہ فکر کے لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کئے اور عوام کو 28اپریل کے روز اسلام آباد پہنچنے کی دعوت دی گئی ،مختلف مقامات پر پبلک اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کرپشن کے چیف ہیں جو اپنے معصوم چہرے کے ساتھ عوام کو بے وقوف بنانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے،اس ملک کے غریبوں اور ان کے بچوں کو کبھی ترقی کرنے کے مواقع فراہم نہیں کیئے گئے اگر ان کا والد ٹھیلہ لگاتا تھا تواولاد بھی اسی ٹھیلے کو لگارہی ہے ،ان لوگوں نے ہمیشہ لوٹ مار کے کلچر کو فروغ دیاہے ان لوگوں کو اس بات سے کوئی لینادینا نہیں ہے کہ اس ملک کی عوام پر ان کی زیادتیوں سے کیا تکلیفیں پیدا ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے سندھ کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہم آپ کے پاس تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا پیغام لیکر پہنچے ہیں جس نے ہمیشہ سندھ کے حقوق کی بات کی اور ہمیشہ سندھ میں خوشحالی لانے کی بات کی،انہوںنے کہا عدالتی فیصلے سے یہ ثابت ہوگیاہے کہ وزیراعظم نے قومی خزانے میں سے کرپشن کرکے جائیدائیں بنائی ہیں۔