حکمرانوں کی اخلاقیات دم توڑچکی ہیں،سپریم کورٹ کی5ججوں کے تاثرات آنے کے باوجود حکمران اقتدار چھوڑنے پرتیار نہیں ہیں،کرسی پر بیٹھے ہوئے وزیراعظم کا احتساب کس طرح ممکن ہے ‘ملک کی تمام اپوزیشن جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ وزیراعظم کو اقتدار سے الگ ہوکر تحقیقات کا سامنا کرنا چاہیے

تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمودقریشی کا تقریب سے خطاب

بدھ 26 اپریل 2017 21:44

حکمرانوں کی اخلاقیات دم توڑچکی ہیں،سپریم کورٹ کی5ججوں کے تاثرات آنے ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چئیرمین مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی اخلاقیات دم توڑچکی ہیں۔وکی لیکس کے حقائق سامنے آنے کے بعد مغربی ممالک کے وزراء نے فوری طور پراقتدار سے علیحدگی اختیار کرلی تھی لیکن پاکستان میں سپریم کورٹ کی5ججوں کے تاثرات آنے کے باوجود حکمران اقتدار چھوڑنے پرتیار نہیں ہیں۔

ن لیگ سے صرف اتنا کہوں گا کہ کچھ شرم ہوتی ہے،کچھ حیاء ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 148اور این اے 150کی مختلف یونین کونسلز میں عوامی رابطہ مہم کے دوران یونین کونسل 55میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ملک کی تمام اپوزیشن جماعتیں اورعوام کی اکثریت اس بات پر متفق ہے کہ وزیراعظم کو اقتدار سے الگ ہوکر تحقیقات کا سامنا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

عوام پوچھتی ہے کہ وزیراعظم کے ماتحت ادارے ان سے کس طرح تحقیقات کرسکتے ہیں۔کرسی پر بیٹھے ہوئے وزیراعظم کا احتساب کس طرح ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ 28اپریل کو ملک بھر سے کارکنان اسلام آباد پہنچ رہے ہیں،یہاں ہم سپریم کورٹ کے ججوں کے تاثرات عوام کے سامنے رکھیں گے،قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ نوازشریف کو اقتدار پر بیٹھنے کا حق ہے یا نہیں،اس موقع پررانا عبدالجبار،سلمان نعیم،رانا نعیم ودیگر بھی موجود تھے۔