سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی نااہلی کی 5سالہ مدت ختم ہونے پرملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں پیپلزپارٹی کا جشن

مٹھائیاں تقسیم کی گئیں‘ملتان پریس کلب کے باہر جیالوں کا ڈھول کی تھاپ پررقص یوسف رضا گیلانی نے جمہوریت کی خاطرقربانی دی ڈسٹرکٹ بار ملتان میں پیپلزلائرزفورم کی تقریب‘وکلاء نے گو نواز گو کے نعرے لگائے

بدھ 26 اپریل 2017 21:44

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما وسابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی نااہلی کی 5سالہ مدت ختم ہونے پرملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں پیپلزپارٹی کے کارکنان نے جشن منایا،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں،کارکنوں نے شکرانے کے نوافل ادا کیے۔ملتان پریس کلب کے باہر پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں جمع ہوکرسابق وزیراعظم کی نااہلی ختم ہونے کا جشن منایا ،اس موقع پر مٹھائی تقسیم کی گئی جبکہ جیالوں نے ڈھول کی تھاپ پررقص بھی کیا۔

اس موقع شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما خواجہ رضوان عالم،سابق ایم پی اے ڈاکٹرجاوید صدیقی،نفیس انصاری،را?ساجد علی ودیگر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تمام ترتحفظات کے باوجود نااہلی کاعدالتی فیصلہ قبول کیا اور اس پر من وعن عمل کیا،موجودہ حکمران بھی عدالتی فیصلے پر نظرڈالیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے ختم ہونے پر ڈسٹرکٹ بار ملتان میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ،پیپلز لائرز فورم کی جانب مٹھائی تقسیم کی گئی۔تقریب کے دوران وکلاء نے گو نواز گو کے نعرے لگائے۔تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزلائرزفورم کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے جمہوریت کی خاطر قربانی دی۔