Live Updates

عمران خان کا 10 ارب روپے کی پیشکش کا دعوی جھوٹا ہے ،ْ مریم اور نگزیب

خان صاحب آپ میں ذرا سی بھی اخلاقی جرات باقی ہے تو 10ارب کی پیشکش کرنے والے کا نام بتا دیں ،ْآپ خود ہی اپنی قیمت لگارہے ہیں، خود ہی اپنی نیلامی کررہے ہیں ،ْعدلیہ کو متنازع بنانے کیلئے سوشل میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے ،ْ عمران خان جو بو رہے ہیں آئندہ الیکشن میں کاٹیں گے ،ْ میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 اپریل 2017 21:28

عمران خان کا 10 ارب روپے کی پیشکش کا دعوی جھوٹا ہے ،ْ مریم اور نگزیب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا 10 ارب روپے کی پیشکش کا دعوی جھوٹا ہے ،ْ خان صاحب آپ میں ذرا سی بھی اخلاقی جرات باقی ہے تو 10ارب کی پیشکش کرنے والے کا نام بتا دیں ،ْآپ خود ہی اپنی قیمت لگارہے ہیں، خود ہی اپنی نیلامی کررہے ہیں ،ْعدلیہ کو متنازع بنانے کیلئے سوشل میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے ،ْعمران خان جو بو رہے ہیں آئندہ الیکشن میں کاٹیں گے ۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات اور نشریات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے الفاظ خود ان کیلئے نقصان دہ ہوتے ہیں ،ْ عمران خان نے اداروں کو گالی دینے کی سیاست متعارف کرائی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر کوئی بات یا فیصلہ عمران خان کے خلاف آئے تو وہ گالیاں دینا شروع کردیتے ہیں اور لوگوں کی عزت اور پگڑیاں اچھالنے کی سیاست عمران خان نے شروع کی۔

مریم اورنگزیب نے اداروں کو دباؤ میں لانے کی روایت کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ججوں کو متنازع بنانے کی مہم جاری ہے۔وزیرمملکت برائے اطلاعات اور نشریات نے کہا کہ عمران خان کے الزامات کو اعلیٰ عدلیہ نے مسترد کیا جس کے بعد انھوں نے عدلیہ کے فیصلے کی تضحیک کا آغاز کردیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام نے ووٹ دے کر نوازشریف کو تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا اور انھوں نے خود کو اور اپنی 3 نسلوں کو احتساب کیلئے پیش کیا جبکہ 90 دن میں احتساب کا دعوی کرنے والوں نے احتساب کمیشن کو گذشتہ ڈھائی سال سے تالے لگا رکھے ہیں۔

وزیرمملکت نے کہا کہ یہ پہلے توہین کرتے ہیں اور پھر الیکشن کمیشن میں معافی مانگتے ہیں، یہ تاثر دیتے ہیں کہ یہ اداروں کی تضحیک کرسکتے ہیں، پی ٹی آئی اب عدلیہ پر دبائو ڈالنا چاہ رہی ہے ،ْعدلیہ کے فیصلے کے نتیجے میں بننے والی جے آئی ٹی کو بھی متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر آپ میں ذرا سی بھی اخلاقی جرات باقی ہے تو آپ 10ارب کی پیشکش کرنے والے کا نام بتا دیں ،ْخان صاحب آپ جتنا بولتے ہیں اتنا ہی آپ اپنے آپ کو نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں، آپ دھرنے کے دوران انگلی اٹھنے کا انتظارکرتے رہے،کون سا شخص انہیں 10 ارب روپے دے گا،عمران خود ہی اپنی قیمت لگارہے ہیں، خود ہی اپنی نیلامی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ میں جھوٹی دستاویزات دیں، ان کے پاس کیچڑ کی بھری ہوئی بالٹی ہے، حکومت اداروں کو مستحکم اور خان صاحب کمزور کر رہے ہیں،عمران خان کے حق میں فیصلہ آئے تو ٹھیک ورنہ یہ شورمچانا شروع کردیتے ہیں،صرف ایک شخص جس کانام محمد نوازشریف ہے اس کو ہی کیوں ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ عمران جو بورہے ہیں وہ آئندہ الیکشن میں کاٹیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ججز کے اختلافی نوٹ کو فیصلہ ظاہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ عمران خان نے جو ثبوت دیئے ان پر وزیراعظم کو نا اہل قرار نہیں دیا جاسکتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات