Live Updates

رانا ثنااللہ خان کا عمران خان کی10ارب کے الزام پر چیف جسٹس سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ

عمران خان بتائے کہ کون ان کے پاس 10 ارب کی آفر لے کر آیا، چیف جسٹس عمران خان کے الزام کا سوموٹو نوٹس لیں‘ پی ٹی آئی کا اسلام آباد جلسہ صرف جے آئی ٹی پر دبا ڈالنے کے لئے کیا جارہا ہے‘ مئی 2018 تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی‘ میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 اپریل 2017 21:28

رانا ثنااللہ خان کا عمران خان کی10ارب کے الزام پر چیف جسٹس سے ازخود نوٹس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ خان نے عمران خان پر سخت تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان بتائے کہ کون ان کے پاس 10 ارب کی آفر لے کر آیا، چیف جسٹس عمران خان کے الزام کا سوموٹو نوٹس لیں‘ پی ٹی آئی کا اسلام آباد جلسہ صرف جے آئی ٹی پر دبا ڈالنے کے لئے کیا جارہا ہے‘ مئی 2018 تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ عمران خان کو الزام لگانے کی عادت ہے‘ عمران خان بتائے کہ کون ان کے پاس 10 ارب کی آفر لے کر آیا، چیف جسٹس عمران خان کے الزام کا سوموٹو نوٹس لیں ان کے الزام کی انکوائری ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور عمران میں مقابلہ ہے کون مسلم لیگ ن کی قیادت پر زیادہ کیچڑ اچھالتا ہے جبکہ اس وقت آصف زرداری لیڈ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لوڈ شیڈنگ کے خلاف کیمپ لگانے کا حق رکھتی ہے جبکہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز نے پنجاب کی ساڑھے تین سو میگاواٹ بجلی کا شیئر کراچی الیکٹرک کو فراہم کرنے پر اس وقت کے وزیر اعظم کے خلاف احتجاج کیا آ ج کسی صوبے کیساتھ ناانصافی نہیں ہو رہی ۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2018 تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی جبکہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد جلسہ صرف جے آئی ٹی پر دبا ڈالنے کے لئے کیا جارہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات