برٹش کونسل پاکستان کے وفدکا فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ

بدھ 26 اپریل 2017 20:08

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) برٹش کونسل پاکستان کے ایک نمائندہ وفد نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے اداروں کے تدریسی استعداد کارمیں بہتری لانے اوراس کے فروغ کے سلسلے میں بدھ کو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ کیا۔ وفد میں ڈائریکٹر ایجوکیشن برٹش کونسل نشاط ریاض، ڈاکٹرعذرامیڈوس (ای او بی) اورکارڈیف میٹرو پولیٹن کے انٹرنیشنل انگیج منٹ منیجر ابوبکر فتح اللہ شامل تھے۔

یونیورسٹی آمد پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ امین قادرنے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پروائس چانسلرنے مہمانوں کوپریذنٹیشن میں بریف کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی خواتین کواعلیٰ تعلیم سے روشناس کرا انے کیلئے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی پاکستان کی پہلی ویمن یونیورسٹی ہے جو مینجمنٹ سائنسز،سوشل سائنسز،انوائرنمنٹل سائنسز،ایجوکیشن ،کمپیوٹرسائنسز،لاء اور کمپیوٹرسا ئنسزکے شعبوں میںڈگریاں فراہم کررہی ہیںانہوں نے وفدکے ارکان کومزیدبتایاکہ ویمن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل 5ہزارسے زائدطالبات ملکی اور غیرملکی سطح پرمختلف سرکاری اورنیم سرکاری اورنجی اداروں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں جبکہ یونیورسٹی اپنی طالبات کوبین الاقوامی معیارکی تعلیم اورتربیت سے متعارف کروانے کے علاوہ عالمی سطح پرمختلف بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کے ذریعے مختلف پروگراموں کے تبادلوںسے بھی استفادہ کیاجارہاہے پروفیسرڈاکٹرثمینہ امین قادرنے کہاکہ ویمن یونیورسٹی پاکستانی معاشرے کوعالمگیرعلوم سے متعارف کرانے کے لئے بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے بعدازاں پینل بحث ومباحثہ میں مہمان شرکاء نے فاطمہ جناح یونیورسٹی سمیت پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بین الاقوامی سطح کی جدیدتحقیق اورمختلف تعلیمی پروگراموں میں اصلاحات کے ذریعے انہیں جد یدخطوط پراستوارکرنے کی ضرورت پرزوردیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفدکے ارکان نے یونیورسٹی کے کیمپس کے ریڈیواسٹیشن وائس آف ویمن (ایف ایم 96.6)اورٹیلی ویژن سٹوڈیو(ویژن آف ویمن ) کابھی دورہ کیااوران مقامات پرنصب جدیدترین تکنیکی آلات اورطالبات کی مہارت کی تعریف کی ان ارکان نے ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے ساتھ اشتراک عمل کومزیدبڑھانے کاعندیہ دیاوفدکے معززارکان کووائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرثمینہ امین قادرنے یونیورسٹی کے سووینئرپیش کئے ۔