پنجاب حکومت اورانڈس ہسپتال ٹرسٹ کے مابین ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر اتفاق

پنجاب حکومت اورانڈس ہسپتال ٹرسٹ ملکر 500بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال بنائیں گے،شہبازشریف

بدھ 26 اپریل 2017 20:08

پنجاب حکومت اورانڈس ہسپتال ٹرسٹ کے مابین ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت بدھ کو یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میںپنجاب حکومت اورانڈس ہسپتال ٹرسٹ کے مابین ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے تیزرفتاری سے اقدامات پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اورانڈس ہسپتال ٹرسٹ ملکر 500بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال بنائیں گے اوریہ ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ایک مثال بنے گا۔

اس ہسپتال میں غریب مریضوں کا سو فیصد علاج مفت ہوگا۔انہوںنے کہا کہ یہی وہ ماڈل ہے جس کے ذریعے دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھا جاسکتا ہے۔ہمیں اسی ماڈل کو آگے بڑھانا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے منصوبے کے حوالے سے تمام ضروری امور جلد طے کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ لاہور کے گردونواں میں بننے والے ہسپتالوں کی تکمیل سے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہوگااوران ہسپتالوں کے فنکشنل ہونے سے قریبی آبادیوں کو ان کے گھروں کے قریب علاج معالجہ ملے گا۔

انہوںنے کہا کہ بیدیاں روڈ ہسپتال کے بعد مناواں،سبزہ زار ، رائیونڈ اور کاہنہ کے ہسپتالوں کو بھی انڈس ہسپتال ٹرسٹ چلائے گا۔بیدیاں روڈ ہسپتال میں بستروں کی تعداد بڑھائی جائے گی جبکہ سبزہ زار ہسپتال میںبستروں کی تعداد 60سے بڑھا کر100کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے روایتی اورفرسودہ نظام کے خلاف جنگ کررہا ہوںاوراس جنگ میں میرے ساتھ انڈس ہسپتال ٹرسٹ بھی شامل ہوچکا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ فرسودہ نظام کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے اورہم نے ملکرعام آدمی کو وہ طبی سہولتیں فراہم کرنا ہے جو اس کا حق ہے اوریہ حق لوٹانے کیلئے جذبے ،محنت اورعزم کیساتھ کام کرنا ہوگا۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر،انڈس ہسپتال ریجنل بورڈکے محمد احسن،سی ای اوانڈس ہسپتال ٹرسٹ ڈاکٹر عبدالباری ،مشیر ڈاکٹر عمر سیف،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :