حکومت فاٹا میں زراعت کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے،گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 26 اپریل 2017 19:45

حکومت فاٹا میں زراعت کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے،گورنرخیبرپختونخوا
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ حکومت فاٹا میں زراعت کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے اور اس ضمن میں فاٹامیں چھوٹے ڈیم بنائے جارہے ہیں تاکہ فاٹامیں بنجر زمینوںکوقابل کاشت بنایاجاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پاکستان اکیڈمی برائے دیہی ترقی پشاور کے زیر اہتمام منعقدہ نیشنل آٹھویںکسان کنونشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کنونشن میں سابق صوبائی چیف سیکرٹری عبداللہ، پاکستان اکیڈمی برائے دیہی ترقی کی ڈائریکٹرجنرل نگہت مہروز ، فیکلٹی اراکین اورملک بھرسے آئے ہوئے کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ گورنرنے کہاکہ زراعت ہماری معاشی بقا اور ترقی کا زینہ ہے اور قومی آمدنی کا 21 فیصد حصہ زرعی شعبے سے آتا ہے جبکہ45 فیصد سے زائد آبادی کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں زراعت کے شعبے نے حیرت انگیز ترقی کی ہے اور موجودہ حکومت بھی وطن عزیز میں زراعت کوسائنسی خطوط پر ترقی کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کنونشن کے انعقاد کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس کنونشن میں شعبہ زراعت سے متعلق تمام ترناگزیر اہمیت کے حامل پہلوئوں کا احاطہ کیا جا ئے گا۔انہوں نے تاکید کی کہ اس کنونشن میں ان تمام تر مسائل و مشکلات کا احاطہ کیا جا ئے جو زراعت کے شعبے کی ترقی میں رکاوٹ ہیں اور ان تما م تر سہولیات و ایجادات پر روشنی ڈالی جا ئے جو اس شعبے کی تقویت کا با عث بن سکتی ہیں۔

قبل ازیں پاکستان اکیڈمی برائے دیہی ترقی کی ڈائریکٹرجنرل نگہت مہروزنے گورنر اور دیگرمہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کنونشن کے انعقادکی اہمیت پرتفصیلی روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :