حیدرآباد، تجاوزات کے خلاف آپریشن روکنے کے بعد شہر کی مرکزی شاہراہ سے ختم کی گئی غیرقانونی پارکنگ کو بھی بحال کردیاگیا

بدھ 26 اپریل 2017 19:34

حیدرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) ضلعی انتظامیہ اورمیونسپل کارپوریشن کی جانب سے تجاوزات آپریشن روکنے کے بعد شہر کی مرکزی شاہراہ سے ختم کی گئی غیرقانونی پارکنگ کو بھی بحال کردیاگیا،رکن قومی اسمبلی نے ڈپٹی کمشنر ،ٹریفک پولیس افسران کو پارکنگ بحال کرانے کے لئے علاقے کا دورہ کرایا،غیرقانونی پارکنگ کو سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ختم کرایاگیا تھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اورمیونسپل کارپوریشن کے افسران کابااثرافراد کی تجاوزات اورغیرقانونی قبضوں کو بچانے کیلئے عدم تعاون کے ڈرامے اورتجاوزات کے خاتمے کیلئے جاری آپریشن کوبندکرنے کے بعد شہر بھر میں دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کا سلسلہ جاری ہے رسالہ روڈ پرڈی سی کمپائونڈ کے ساتھ ختم کی گئی غیرقانونی پارکنگ کو بھی دوبارہ بحال کرکے سڑک کنارے گاڑیاں کھڑی کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے ،گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی وسیم حسین نے ڈپٹی کمشنرانورعلی شر،ٹریفک پولیس اورمیونسپل کارپوریشن کے افسران کو علاقے کا دورہ کرایا اورختم کی گئی پارکنگ کو بحال کرنے کے مطالبہ کیاتھا،اس موقع پر ٹریفک پولیس کے آفیسردائودالرحمٰن کی جانب سے پارکنگ قائم کرنے کے لئے سڑک کناری20فٹ زنجیرلگانے کی تجویز پیش کی جس پربلدیہ انسدادتجاوزات کے انچارج توحیداحمد نے واضح کیاکہ سڑک پرزنجیرلگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،مذکورہ غیرقانونی پارکنگ کو سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر انور علی شرنے ختم کرایا تھا اورپارکنگ ختم کرانے کے احکامات پرسختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دیاتھا، جس کے بعد ٹریفک پولیس کا عملہ وہاں کھڑی کی جانے والی گاڑیوں کو تحویل میں لے رہا تھا،مگر اب جبکہ شہر بھر میں کھوکھرمحلہ درگاہ محبت شاہ بخاریؒ کے اطراف بااثرافراد کی تجاوزات بچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اورمیونسپل کارپوریشن نے عدم تعاون کا ڈرامہ رچاکرتجاوزات کے خلاف آپریشن کو غیراعلانیہ طور پرختم کردیا ہے،جس کے بعد شہر بھر میں ختم کرائی گئی تجاوزات اورواہ گزار کرائی گئی سرکاری اراضی پردوبارہ قابضین آگئے ہیں،شہریوں نے متعلقہ اداروں کی جانب سے امتیازی سلوک برتنے پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرانورعلی شر سے مطالبہ کیاہے کہ فوری شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیاجائے اورجس طرح غریب لوگوں کی تجاوزات کو مسمارکیاگیا ہے اسی طرح کھوکھرمحلہ وارڈ ایف میں تجاوزات کیلئے بھرپورآپریشن کا آغاز کیاجائے اورمیونسپل کارپوریشن تجاوزات سیل کے عملے کو مشینری اورفورسز کی مددفراہم جائے ۔

/م ش ش