پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے وزیر اعظم کی قیادت میں شاندار کامیابی حاصل کی گئی ہے، رواں سال میں اب تک پولیو کے ملک بھر میں دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ پچھلے سال کل کیسز کی تعداد 20 تھی جو کہ پولیو پروگرام کے تاریخ میں ایک سال میں رونما ہونے والے سب سے کم کیسز ہیں،وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا پولیو کے اعلی سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب

بدھ 26 اپریل 2017 19:20

پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے وزیر اعظم کی قیادت میں شاندار ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء) وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں شاندار کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ رواں سال میں اب تک پولیو کے ملک بھر میں دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ پچھلے سال کل کیسز کی تعداد 20 تھی۔ جو کہ پولیو پروگرام کے تاریخ میں ایک سال میں رونما ہونے والے سب سے کم کیسز ہیں۔

پولیو کے اعلی سطحی جائزہ اجلاس کے موقع پر وزیر قومی صحت نے کہا ہے کہ ہم نے جب اقتدار سنبھالا تو پاکستان میں پولیو وبائی صورت اختیار کر چکا تھا اور سینکڑوں بچے اس خطرناک مرض کا شکار ہو رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے ایک انقلابی پروگرام کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

جس کے تحت اس سلسلے میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو مربوط حکمت عملی کے تحت ہٹایا گیا اور آج پاکستان کی کوششوں کو اقوام عالم قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

ملک میں پولیو سے بچوں کو بچانا ہے اور اقوام عالم میں پاکستان کے وقار کو اس سلسلے میں بلند کرنا ہمارا مشن ہے۔ وزیر قومی صحت نے 2016-17 کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال اب تک دو کیسسز کے مقابلے میں اس وقت تک پچھلے سال گیارہ کیس رونما ہوئے تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ محمد ایوب شیخ، ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اسد حفیظ، پولیو پروگرام کے قومی کوارڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر ، پاک فوج کے نمائندے اور پولیو پروگرام کے بین الاقوامی شرکت داروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رہ جانے والے بچوں تک رسائی کے لیے سائنسی بنیادوں پر ایک مربوط حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے اور اس سلسلے میں کامیابی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں پاکستان میں حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کو مزید بہتربنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں وزیر قومی صحت نے کہا کہ وہ تمام صوبوں کی دورہ کریں گی تاکہ حفاظتی جات کے پروگرام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر مشترکہ غور کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کے حوالے سے وسائل اور ویکسین کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پر عمل درآمد میں تیزی لا ئی جائے۔

متعلقہ عنوان :