صنعتکاروں اور کاروباری افراد کے مسائل کا بھی بخوبی ادراک ہے جن کے حل کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں ‘رفیق رجوانہ

صنعتکار اور تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو صنعت و حرفت کی ترقی،حکومتی ریونیو میں اضافے اور روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سماجی بہبود کے شعبوں میں بڑا اہم کردار ادا کررہے ہیں‘گورنر پنجاب

بدھ 26 اپریل 2017 19:02

صنعتکاروں اور کاروباری افراد کے مسائل کا بھی بخوبی ادراک ہے جن کے حل ..
لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ صنعتکار اور تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو صنعت و حرفت کی ترقی،حکومتی ریونیو میں اضافے اور روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سماجی بہبود کے شعبوں میں بڑا اہم کردار ادا کررہے ہیں، شہریوں کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی فراہمی میں سہولیات سے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے بلکہ مقابلے اور ترقی کے اس دور میں نت نئے کاروباری اختراعات پیدا ہوتے ہیں، قومی معیشت میں فیصل آباد کو نمایاں مقام حاصل ہے جس کا برآمدات اور کثیر زرِمبادلہ کمانے میں قابل قدر حصہ ہے۔

انہوں نے یہ بات گلبرک روڈ پر ستارہ گروپ کے زیر اہتمام ستارہ فلیگ شپ اسٹور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسبملی حاجی اکرم انصاری،سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام،ستارہ گروپ کے میاں محمد ادریس،میاں جاوید اقبال،میاں محمد انیس و دیگر ممتاز صنعتکار اور عمائدین اس موقع پر موجود تھے۔گورنر پنجاب نے ستارہ اسٹوڈیو کے قیام کو ترقی کے سفر میں اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں اور کاروباری افراد کے مسائل کا بھی بخوبی ادراک ہے جن کے حل کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں باہمی اعتماد کی فضاء کو بھی مزید مضبوط بنائیں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ہماری ترجیح ہونی چاہیئے،ذاتی اور وقتی تقاضوں کے باعث ملکی ترقی کا عمل متاثر نہیں ہونا چاہیئے۔پاکستان اس وقت تیزی سے ترقی کا سفر طے کررہا ہے جو کسی قسم کی رکاوٹ کا متحمل نہیں ہوسکتا بلکہ قومی اتحاد و یگانگت وقت کا اہم تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی نظریات اور آراء ایک دوسرے سے مختلف ہوسکتے ہیں لیکن پاکستان کا کسی صورت نقصان نہیں ہونا چاہیے ۔

گورنرنے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ صنعتکاروں کی طرف سے انسانیت کی خدمت کیلئے مختلف سیکٹرز میں فلاحی ادارے بھی چلائے جارہے ہیں کیونکہ ان کی کمائی میں مستحق افراد کا بھی حصہ ہے جن کی دعائوں سے ان کے کاروبار میں مزید برکت اور اللہ تعالی کی رحمت ہوتی ہے۔اس سے قبل ستارہ گروپ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر میاں ادریس نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ستارہ سٹوڈیو کا افتتاح کرنے پر گورنر پنجاب محمدرفیق رجوانہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کو معیاری مصنوعات کی فراہمی کے سلسلے میں ستارہ گروپ جدت کے ساتھ ریسرچ،ڈویلپمنٹ مشینری اوروسیع وسائل بروئے کار لارہا ہے جو ٹیکسٹائل کے شعبہ میں مقامی مانگ پوری کرنے کے ساتھ مصنوعات بڑی مقدار میں ایکسپورٹ بھی کر رہا ہے ۔

انہوں نے ستارہ گروپ کے زیر اہتمام صحت،تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں فلاحی منصوبوں کو بھی ذکر کیا۔چیف ایگزیکیٹو آفیسر ستارہ انرجی میاں جاوید اقبال نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ میاں انیس نے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔دریں اثناء گورنر پنجاب محمدرفیق رجوانہ نے اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن فیصل آباد کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رانا علی عباس،نائب صدر رانا ذوالفقار احمد،سیکرٹری میاں مہران موجودتھے جبکہ ڈویژنل کمشنر مومن آغا،ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور ایس ایس پی آپریشن رانا معصوم نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔گورنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ بارا یسوسی ایشن کے عہدیداروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ حکومت وکلاء برادری کو بہترین پیشہ وارانہ ماحول فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے اس سلسلے میں بار ایسوسی ایشنز کی فلاح وترقی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے سلسلے میں حکومت اپنی ذمہ داریاں پورا کررہی ہے۔گورنر پنجاب نے بار ایسوسی ایشن کے مسائل حل کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالادستی کے لئے وکلاء برادری ہمیشہ صف اول میں رہی ہے لہذا ان کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔اس مقصد کے لئے ان کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

گورنر نے ضلعی وڈویژنل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مقامی بار ایسوسی ایشنز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور ضلع کچہری فیصل آباد میں وکلاء کیلئے پارکنگ پلازا کی تعمیر کے منصوبے کے لئے بھی اقدامات کو آگے بڑھایا جائے۔اس موقع پر صدربارایسوسی ایشن رانا علی عباس،نائب صدر رانا ذوالفقار احمد اور سیکرٹری میاں مہران نے ان کے مسائل میں گہری دلچسپی لینے پر گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں وکلاء کے اجتماعی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے فیصل آباد میں لاہورہائی کورٹ بینچ کے قیام کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے اور کسٹم کورٹ،نیب کورٹ اوردیگر سپیشل کورٹس کے علاوہ لیبر ٹربیونل کے قیام پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :