30اپریل کو’حقوق کراچی مارچ‘ کیلئے مزار قائد پر عوام کا سمندر ہوگا ، اسد عمر

کراچی شہر کوترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہمیں عملی سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے،رہنما تحریک انصاف

بدھ 26 اپریل 2017 18:44

30اپریل کو’حقوق کراچی مارچ‘ کیلئے مزار قائد پر عوام کا سمندر ہوگا ، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ 30اپریل کو مزار قائد پر عوام کا سمندر ہوگا ۔ کراچی کو مسائل کی اس دلدل سے نکالنے کے لئے تحریک انصاف تمام شہریوں کو دعوت دیتی ہے کہ بلا رنگ و نسل و مسلک اور سیاسی وابستگی سے بالا ترہو کر ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ میں بھر پور شرکت کریں ۔

ہم تمام ان سیاسی اور مذہبی قوتوں کو دعوت دیتے ہیں جو کراچی کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں۔ کراچی شہر کوترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہمیں عملی سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے شہر کراچی سے لسانیت اور فرقہ واریت کی سیاست کے مکمل خاتمے کے لئے کراچی شہر کو قومی دھارے میں شامل کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے ضلع کورنگی کے علاقے قیوم آباد ، الطاف ٹائون، کراسنگ اور دیگر علاقوں میں دورے کے موقع پر مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔

اس موقع پر سندھ کے نائب صدر و ضلع سائوتھ کے وائس چیئرمین منصور شیخ، کراچی کے نائب صدر راجہ اظہر خان، ضلع کورنگی کے صدر فہیم خان، ڈاکٹر پرویز غفار ، فرخ منظور، عطاء خان، راجہ آصف، شکیل خان، طارق فراز اور دیگر عہدیدار اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اسدعمر نے مختلف مارکیٹ کا دورہ بھی کیاجہاں دوکانداروں اور راہ گیروں میں ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ کے ہینڈ بل اور پمفلٹ بھی تقسیم کئے اور انہیں مارچ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

قیوم آباد کے سی ایریا میں راجہ اظہر خان کی جانب سے تحریک انصاف کی21ویں یوم تاسیس پر کیک کاٹا گیا اور لوگوں نے تحریک انصاف زندہ باد ، عمران خان زندہ باد او ر گو نواز گو کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے مزید کہا کہ 21سا ل پہلے شروع ہونے والی تحریک آج پاکستان کی سیاست میں کلیدی کردار اختیار کر چکی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی طویل سیاسی جدوجہد سے ملک میں جاری کرپشن اور لوٹ مار کے فرسودہ نظام کو نکیل ڈال دی ہے۔ جو اپنے آپ کو شرفاء کہتے تھے ان کی کرپشن اور لوٹ مار کو بھی عمران خان نے بے نقاب کیا اور ان کا اصل چہرہ عوام کو دکھایا۔