آصف زرداری کا نواز شریف کا پیٹ پھاڑ کر پیسہ نکالنے کا قوم سے ایسا ہی مذاق ہے ، جیسا شہباز شریف زرداری کو گھسیٹنے اور لٹکانے کا مسخرہ پن کرتے تھے، سندھ نیشنل فرنٹ

بدھ 26 اپریل 2017 18:35

آصف زرداری کا نواز شریف کا پیٹ پھاڑ کر پیسہ نکالنے کا قوم سے ایسا ہی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات ) محمد انور گجر ، کراچی ڈویژن کے کوآرڈی نیٹر رزاق باجوہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آصف زرداری کا نواز شریف کا پیٹ پھاڑ کر پیسہ نکالنے کا قوم سے ایسا ہی مذاق ہے ، جیسا شہباز شریف زرداری کو گھسیٹنے اور لٹکانے کا مسخرہ پن کرتے تھے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد میاں برادران نے زرداری سے معافی مانگ کر عوامی مینڈیٹ کی توہین کرکے ان کی کرپشن کو مکمل تحفظ دیا اور مزید لوٹ مار کرنے کا موقع فراہم کرکے مردہ زرداری لیگ کو دوبارہ زندہ کیا اور سندھ انہیں ٹھیکے پر دے دیا ۔

سیاسی مداری الیکشن قریب آتے ہی ایک مرتبہ پھر عوام سے جھوٹے وعدوں اور نعروں کے ساتھ ملک و قوم کو لوٹنے کا نیا این آر او کر چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرداری کے پی کے کے عوام کو حقوق دلوانے سے پہلے سندھ کی 9 سالہ لوٹ مار کا تو حساب دیں ۔ 9 سالوں سے سندھ میں لوٹ مار کرکے یہاں کے عوام کے حقوق غضب کرکے کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے ۔ سندھ میں زرداری ٹولے کی کرپشن کی وجہ سے غریب عوام فاقہ کشی کی وجہ سے خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں ۔

غربت کی وجہ سے سندھ میں بھوک و افلاس جنم لے رہی ہے ۔ یہاں کے عوام کو بے سہارا کرکے ان کے سر سے چھت اور پاؤں سے زمین کھینچی جا رہی ہے ۔ سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے تھر سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں آج بھی فاقہ کشی کا راج ہے ، جس کے باعث پاؤں میں چپل اور تن میں کپڑے تک نہیں ہیں ۔ عوام دوائیوں اور اسپتالوں سے محروم ہو کر سسک سسک کر اپنی جان گنوا رہے ہیں ۔

سندھ میں مہنگائی ، بدامنی ، بے روزگاری سمیت ڈاکو راج آج بھی قائم ہے ۔ زرداری کے پچھلے پانچ سالہ دورہ حکومت میں کراچی شہر میں ہزاروں معصوم شہریوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا اور مفاہمت کے نام پر کراچی کو دہشت گردوں کو تحفے میں دے کر انہیں قتل و غارت اور بھتہ خوری کا کھلا لائسنس جاری کیا گیا لیکن رینجرز نے آکر کراچی کے عوام کو دہشت گردوں سے نجات اور سکھ کا سانس لینے کا موقع دیا ۔

مگر سندھ کو تباہ و برباد کرنے والا زرداری دیگر صوبوں کو فتح اور عوام کو حقوق دلانے کا خواب دن کی روشنی میں دیکھ رہا ہے ۔ انور گجر رزاق باجوہ نے مزید کہا کہ صرف لاڑکانہ کے ہی ترقیاتی بجٹ میں 90 ارب ہڑپ کرکے انہوں نے ڈکار تک نہیں ماری ۔ جس پر سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کے خلاف سخت ریمارکس دے کر انہیں ملزم ٹھہرایا ہے ۔ زرداریوں نے پورے سندھ کا کھربوں روپیہ ہڑپ کرکے سندھ کو کھنڈرات بنا کر کچرے کا ڈھیر اور گندے بدبو دار پانی میں ڈبو کر سڑکوں کو تالاب بنا دیا ہے ۔

زرداری ٹولے کی کرپشن اور قصے کہانیاں یہاں یہاں کے بچے بچے کی زبان پر رٹے ہوئے ہیں ۔ 2018 کے انتخابات کو آتا دیکھ کر نواز شریف اور زرداری دونوں مفاہمتی بھائیوں نے عوام کے لوٹے ہوئے خزانے کی تجوریوں کے منہ کھول کر آئندہ الیکشن جیت کر دوبارہ عوام کی بچی کچی ہڈیاں چبانے اور خون چوسنے کے لیے لٹیرے مداری دوبارہ میدان میں آگئے ہیں اور اب عوام کو ہی اپنے حقوق اور ان مفاہمتی لٹیرے حکمرانوں کے خلاف میدان میں نکل کر ان کی کرپشن اور لوٹ مار پر مبنی سیاست کا خاتمہ کرکے ان کے پیٹ پھاڑ کر اپنا پیسہ نکال کر ان سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کرنا ہو گی ۔ #