صدرِ مملکت ممنون حسین نے چیئرمین پاکستان ہلال احمر ڈاکٹر سعید الٰہی کو بحیثیت چیئرمین مزیدتین سال کی توسیع دے دی

بدھ 26 اپریل 2017 17:48

صدرِ مملکت ممنون حسین نے چیئرمین پاکستان ہلال احمر ڈاکٹر سعید الٰہی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) گزشتہ تین سالہ بہترین خدمات پر وزیراعظم محمد نوازشریف کی سفارش پر صدرِ مملکت ممنون حسین نے چیئرمین پاکستان ہلال احمرڈاکٹر سعید الٰہی کو بحیثیت چیئرمین مزید تین سال کی توسیع دے دی۔وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز کی جانب سے باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

ہلال احمر پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین پاکستان ہلال احمر ڈاکٹر سعید الٰہی کی خدمات و اقدامات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے آئندہ تین سال کیلئے چیئرمین ہلال احمرمقرر کر دیا گیا ہے ۔صدر اور وزیراعظم نے اِس امر کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر سعید الٰہی نے تین سال کی مختصر مدت میں جس طرح ہلالِ احمر پاکستان کو متحرک کیا ، وہ آنے والے تین سالوں میں اِس کی خدمات کی پاکستان کے ہر کونے تک پہنچائیں گے تاکہ متاثرین کی مدد کی جاسکے۔

ڈاکٹر سعید الٰہی نے اپنے پیغام میں پاکستان ہلال احمرکو صفِ اوّل کی انسانی خدمت کا ادارہ بنانے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت چیئرمین صدرِ مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے اعتماد پر پورا اُترنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔