بھارتی گجرات کے رہائشی شخص نے طلاق کی خوشی مٹھائیاں بانٹ کر منائی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 26 اپریل 2017 17:10

بھارتی گجرات کے رہائشی شخص نے طلاق کی خوشی مٹھائیاں بانٹ کر منائی
بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 اپریل 2017ء) : طلاق ایک ایسا کام ہے جسے ہر شخص چھُپ لر اور رازداری میں انجام دیتا ہے تاکہ کم سے کم لوگوں کو اس کی خبر ہو لیکن بھارتی شہر گجرات کے رہائشی ایک نوجوان نے اپنی طلاق کی خوشی ایسے منائی کہ دوست احباب اور عزیز و اقربا سمیت اجنبیوں نے بھی اسے طلاق پر مبارکباد پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق گجرات کے علاقہ راجکوٹ سے تعلق رکھنے والے رنکیش نے اپنی طلاق کی خوشی کاجو کی برفی بانٹ کر منائی۔

26 سالہ رنکیش نے 50 کلو گرام کاجو کی اسپیشل برفی کے اسپیشل ڈبے بنوائے جن کے اوپر ''to celebrate divorce'' تحریر تھا۔ میڈیا سے گفتگو میں رنکیش نے کہا کہ ایک سال کی شادی کے تشدد اور دو سال طلاق کی رجسٹریشن کے لیے دھکے کھانے کے بعد بالآخر طلاق مل جانا کسی انعام سے کم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

مٹھائی کے ڈبوں پر یہ بھی تحریر تھا کہ وہ قانون جو عورت کی حفاظت کرتا ہے اکثر اس کا غلط فائدہ بھی اُٹھایا جاتا ہے۔

رنکیش نے بتایا کہ مجھے طلاق لینے میں دو سال لگے کیونکہ طلاق کے بدلے لڑکی کی طرف سے مانگی گئی رقم میری بساط سے بایر تھی اور اچھے سے اچھا وکیل بھی اس سلسلے میں میری کوئی مدد نہیں کر سکا۔ لیکن جیسے ہی طلاق کے لیے قانونی کارروائی ختم ہوئی میرے تمام قریبی عزیزوں نے مجھے مبارکباد دی۔ تاہم رنکیش نے اپنی سابقہ اہلیہ کا نام بتانے سے انکار کیا۔ رنکیش کی یہ کہانی اور طلاق کی خبر سوشل میڈیا پر بھی مقبول ہوئی ۔ سوشل میڈیا صارفین طلاق کی خوشی میں کیے گئے رنکیش کے اقدام کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔ لیکن یہ خبر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر موجود اجنبیوں نے بھی رنکیش کو مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :