چارسال گزرنے کے باوجود وزارت داخلہ نے این او سی جاری کیوں نہ کیا قائمہ کمیٹی

غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکیوں کی رجسٹریشن کے لیے قواعد کو جلد منظور کرنے کی ہدایت حیسکو، حیدرآباد میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کی تفصیلات ممبر قومی اسمبلی کو پیش کر کے رپورٹ دے

بدھ 26 اپریل 2017 16:57

چارسال گزرنے کے باوجود وزارت داخلہ نے این او سی جاری کیوں نہ کیا قائمہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) چار سال گزرنے کے باوجود وزارت داخلہ نے این او سی کیوں جاری نہ کیا، ان خیالات کا اظہار چیرمین مجلس قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں نے مجلس قائمہ کے اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کے 2013 میں وفاقی وزیر برائے سرحدی امور جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے قومی اسمبلی میں یقین دہانی کرائی تھی کہ کراچی اور اس کے مضافات میں غیر قانونی رہائش پذیر غیرملکیوں کی رجسٹریشن شروع کی جائے گی مگر چار سال گزرنے کے باوجود رجسٹریشن شروع نہ کی جاسکی۔

کمیٹی کو بتایا گیا کا اس سلسلے میں نئے قواعد بنائے جارہے ہیں اور جلد ہی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس رجسٹریشن کا عمل نادرا نے شروع کرنا ہے البتہ نادرا کے لیے رولز کی منظوری وزارت داخلہ نے دینی ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اس معاملے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ جو ادارہ چار سال میں رولز منظور نہیں کرتا اس کی دیگر کارکردگی کیسی ہوگی۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ ان امور کو 15 دن میں حل کرکے کمیٹی کو رپورٹ دی جائے۔ مجلس قائمہ نے 24 نومبر 2016 کو ممبر قومی اسمبلی شگفتہ جمانی کی طرف سے قومی اسمبلی میں پوچھے گئے سوال اور اس کے ضمن میں ہونے والی بحث پر بھی غور کیا اور اوپڈا حکام کو ہدایت کی کہ وہ معزز ممبرقومی اسمبلی کو حیدرآباد میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کی تفصیلات سے آگاہ کرے۔

مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ سندھ میں وسیع پیمانے پر بجلی چوری ہورہی ہے مگر بجلی چوروں کے خلاف سندھ پولیس تعاون نہیں کررہی۔ مجلس قائمہ نے اس امر کا شدید نوٹس لیا اور آئی جی، سندھ کو حکم دیا کہ وہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرکے جلد از جلد کمیٹی کو رپورٹ دیں۔ کمیٹی کے اجلاس میں محمد افضل کھوکھر، چیرمین قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں کے علاوہ ممبران قومی اسمبلی جناب عبدالمجید خان خنانخیل، شہزادی عمر زادی ٹوانہ، مولانا محمد خان شیرانی، ملک ابرار احمد، شیخ صلاح الدین، محترمہ شگفتہ جمانی اور چوہدری محمد منیر اظہر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری سیفران اور دیگر اعلی سول حکام نیبھی شرکت کی۔