بھوربن میں ضلع کونسل کی اراضی پر قبضہ کی کوشش عوام نے ناکام بنا دی

بدھ 26 اپریل 2017 16:34

مری ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) بھوربن فائیو سٹار ہوٹل کے سامنے ضلع کونسل کی قیمتی ترین اراضی پر لینڈ مافیا کی طرف سے قبضہ کی کوشش کو عوام نے ناکام بنا دیا ،ریسٹ ہاوس کی باونڈری جنگلے اکھاڑ دیئے گئے ،سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے پرائیویٹ لینڈ کیلئے روڈ نکالا جانا تھا ،بھوربن میں سابق تحصیل ناظم سردار محمد سلیم خان کے دادا سردار نور خان کی طرف سے فلاح و بہبود کیلئے عطیہ کی گئی اراضی جس پر پہلے بی ایچ یو کافی عرصہ تک قائم رہا مگر بعدازاں بی ایچ یو کو کسی دوسری جگہ شفٹ کر کے اس جگہ پر ضلع کونسل کا ریسٹ ہاوس تعمیر کر دیا گیا گزشتہ دنوں اس قیمتی ترین جگہ پر لینڈ مافیا نے مبینہ طور پر ملی بھگت سے سرکاری اراضی کی باونڈری کے جنگلے کو اکھاڑ کر قبضہ کرنے کی کوشش کی جسکو وہاں موجود مقامی لوگوں نے ناکام بنا دیاجبکہ مبینہ طور پرمحکموں کی ملی بھگت سے مری میں سرکاری اراضی پر قبضہ کرنا معمول بن چکا ہے،بعدازاں پولیس اور متعلقہ محکمہ حرکت میں آیا اور لینڈ مافیا کے خلاف چھاپے بھی مارے گئے ہیں۔