و زیر اعلی شہباز شریف نئے بلدیاتی نظام کو دیگر صوبوں کیلئے رول ماڈل بنانا چاہتے ہیں ،منشاء اللہ بٹ

بدھ 26 اپریل 2017 16:16

و زیر اعلی شہباز شریف نئے بلدیاتی نظام کو دیگر صوبوں کیلئے رول ماڈل ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سرکاری زمینوں پر قابض مافیا کے خلاف عملی اقدامات کئے گئے ہیں،بڑے شہروں میں ناجائز پارکنگ سٹینڈز کے خلاف بھی ایکشن لینے کی ہدایت کر دی گئی ہے،ڈینگی لاروا کے خاتمہ کیلئے صوبہ بھر میں تمام بلدیاتی اداروں کو اس سلسلے میں انتظامات تیز کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں،اس امر کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے چیمبر میںمسلم لیگی ورکروں سے ملاقات میں کیا، انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی نمائندگان اپنی اپنی یونین کونسلوں میں صفائی بارے چیکنگ کاعملی مظاہرہ کرنا شروع کر دیں ، سر پرائز وزٹ کے موقع پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے گی،ورکشاپوں ، ہسپتالوں، گوداموں، خالی پلاٹوں ، سکولوں و دیگر پرائیویٹ و سرکاری اداروں کا وزٹ بھی کریں جہاں کہیں بھی صفائی کے ناقص انتظامات پائے جائیں کیخلاف فوری قانونی اقدامات عمل میں لائیں،سکولوں میں ڈینگی کے حوالے سے شعور و آگاہی کیلئے معلوماتی لیکچر بھی دینا شروع کریں جبکہ گندے پانی کے نکاس کیلئے ہر رکاوٹ کو فوری دور کریں، کسی بھی مقام پر بارش یا گندہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں، انہوں نے کہا کہ صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی ایکٹ 2013ء کے تحت100 افسران کی ماسٹر ٹریننگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے،یہ افسران صوبہ بھر میں کونسلرز و دیگر اہلکاران کی تربیت کرینگے تاکہ نئے بلدیاتی نظام میں عوام کو ہر کام احسن انداز میں حاصل ہو سکے،انہوں نے کہا کہ نیپا اور پروفیشنل مینجمنٹ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے صوبہ بھر کے تمام میئرز ،ڈپٹی میئرز، چیئر مین،چیف آفیسر اور محکمہ بلدیات کے آفیسرزکی ماسٹر ٹریننگ مکمل کر کے تاریخ رقم کی ہے،بلدیاتی نظام اب اپنی حقیقی آب و تاب کے ساتھ روز روشن کی طرح عوام کو ہر قسم کی سہولیات ان کی دہلیز تک باقاعدگی سے فراہم کرے گا،انہوں نے کہا کہ و زیر اعلی محمد شہباز شریف پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کو دیگر صوبوں کیلئے رول ماڈل بنانا چاہتے ہیں تاکہ اس کے دور رس نتائج حال اورمستقبل میں نظر آئیں،اس مقصد کیلئے میئر ،ڈپٹی میئر، چیئر مین،چیف آفیسر اور محکمہ بلدیات کے آفیسرزکی ماسٹر ٹریننگ کا عمل مکمل کرایا گیا، اب یہ اپنے اپنے حلقوں میں جا کر کونسلرز اور دیگر ماتحتوں کی تربیت کرائیں گے، انہوں نے کہا کہ اس ٹریننگ سے یونین کونسلز کا سب سے اہم کام پیدائش، اموات اور طلاق کا اندراج احسن طریقہ سے ہو سکے گا۔