مزدوروں کا عالمی دن یکم مئی کومنایا جائے گا

بدھ 26 اپریل 2017 16:16

مزدوروں کا عالمی دن یکم مئی کومنایا جائے گا
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء)پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکم مئی کو مزدوروں کا عالمی دن اورشکاگو کے سانحہ کی یاد میں یوم یکجہتی بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز ، کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں شکاگو کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی سمیت مزدوروں، محنت کشوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مسائل کے حل کا مطالبہ کیا جائے گا اور محنت کشوں کو ان کے حقوق کی فراہمی کیلئے بھر پور آواز اٹھائی جائے گی، صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا جن میں سول سوسائٹی شریک ہوگی، یکم مئی کو ہر سال یہ دن اس عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مزدورو ں کے معاشی حالات تبدیل کرنے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں، پاکستان میں قومی سطح پر یو م مئی منانے کا آغاز 1973 میں ہوا،یاد رہے کہ امریکہ کے شہر شکاگو میں 1888ء میں سرمایہ داروں، صنعتکاروں کی طرف سے مزدوروں کا بدترین استحصال کیا جارہا تھا جس پر مزدوروں نے احتجاج کا فیصلہ کیا اور لاکھوں کی تعداد میں محنت کش جن میں زیادہ تر تعداد سیاہ فاموں کی تھی یکم مئی کو سڑکوں پر نکل آئے اس پر امن مظاہرے کے دوران امریکی پولیس کی جانب سے محنت کشوں پر فائرنگ کر دی گئی جس سے شکاگو کامرکز خون سے رنگین ہوگیا، اس واقعہ میں سینکڑوں مزدور موقع پر ہی ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے جبکہ سینکڑوں محنت کش مظاہرین کوبغاوت کے نام پر گرفتار کر کے چوراہوں میں پھانسی پر لٹکا دیا گیا، بعدازاں یہ تحریک دنیا میں پھیلتی چلی گئی اور ترقی یافتہ و ترقی پذیر ممالک میں مزدوروں نے شعور حاصل کر کے اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد کا آغاز کر دیا جو آج بھی جاری ہے،اس سلسلہ میںپاکستان بھر میں لیبر ڈے کے موقع پر مزدور شکاگو کے محنت کشوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور اس عزم کا اظہار کیا جائے گا کہ محنت کشوں اور مزدوروں کے حقوق کے حصول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی تک پرامن جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔