شہباز شریف پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کو دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل بنانا چاہتے ہیں‘ منشاء اللہ بٹ

بدھ 26 اپریل 2017 16:01

شہباز شریف پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کو دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل بنانا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سرکاری زمینوں پر قابض مافیا کے خلاف عملی اقدامات کر دئے گئے ہیں،بڑے شہروں میں ناجائز پارکنگ سٹینڈز کے خلاف بھی ایکشن لینے کی ہدایت کر دی گئی ہے،ڈینگی لاروا کے خاتمہ کے لئے صوبہ بھر میں تمام بلدیاتی اداروں کو اس سلسلے میں انتظامات تیز کرنے کے احکامات جاری کر دئے گئے ہیں۔

اس امر کا اظہار انہوں نے اپنے چیمبر میںمسلم لیگی ورکروں سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہاکہ تمام بلدیاتی نمائندگان اپنی اپنی یونین کونسلوں میں صفائی بارے چیکنگ کاعملی مظاہرہ کرنا شروع کر دیں تاکہ سر پرائز وزٹ کے موقع پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ورکشاپوں ، ہسپتالوں، گوداموں، خالی پلاٹوں ، سکولوں و دیگر پرائیویٹ و سرکاری اداروں کا وزٹ بھی کریں جہان کہیں بھی صفائی کے ناقص انتظامات پائے جائیں کے خلاف فوری قانونی اقدامات عمل میں لائیں۔

سکولوں میں ڈینگی کے حوالے سے شعور و آگاہی کے لئے معلوماتی لیکچر بھی دینا شروع کریں جبکہ گندے پانی کے نکاس کے لئے ہر رکاوٹ کو فوری دور کریں۔ کسی بھی مقام پر بارش یا گندہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی ایکٹ 2013ء کے تحت100 افسران کی ماسٹر ٹریننگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔یہ افسران صوبہ بھر میں کونسلرز و دیگر اہلکاران کی تربیت کرینگے تاکہ نئے بلدیاتی نظام میں عوام کو ہر کام احسن انداز میں حاصل ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ نیپا اور پروفیشنل منیجمنٹ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے صوبہ بھر کے تمام مئیرز ،ڈپٹی مئیرز، چئیر مین،چیف آفیسر اور محکمہ بلدیات کے آفیسرزکی ماسٹر ٹریننگ مکمل کر کے تاریخ رقم کی ہے۔بلدیاتی نظام اب اپنی حقیقی آب و تاب کے ساتھ روز روشن کی طرح عوام کو ہر قسم کی سہولیات ان کی دہلیز تک باقاعدگی سے فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ و زیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کو دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل بنانا چاہتے ہیں تاکہ اس کے دور رس نتائج حال اورمستقبل میں نظر آئیں۔

اس مقصد کے لئے مئیر ،ڈپٹی مئیر، چئیر مین،چیف آفیسر اور محکمہ بلدیات کے آفیسرزکی ماسٹر ٹریننگ کا عمل مکمل کرایا گیا۔ اب یہ اپنے اپنے حلقوں میں جا کر کونسلرز اور دیگر ماتحتوں کی تربیت کرائیں گے۔ انہوں نے کہا ک اس ٹریننگ سے یونین کونسلز کا سب سے اہم کام پیدائش، اموات اور طلاق کا اندراج احسن طریقہ سے ہو سکے گا۔