سپریم کورٹ نے ای او بی آئی کے مالی معاملات کا ریکارڈ طلب کر لیا

عدالت رپورٹس نہیں مسئلے کا حل چاہتی ہے ،ْای او بی آئی میں ہونے والی اربوں روپے کی چوری کی ذمہ دار حکومت ہے ،ْجسٹس عظمت سعید

بدھ 26 اپریل 2017 15:53

سپریم کورٹ نے ای او بی آئی کے مالی معاملات کا ریکارڈ طلب کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) ای او بی آئی میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن اور پنشن کی عدم ادائیگی کے کیس میں سپریم کورٹ نے ای او بی آئی کے مالی معاملات کا ریکارڈ طلب کر لیاہے۔ بدھ کوکیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے کی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز، اٹارنی جنرل اور نیب پراسیکوٹر کو طلب کر لیا۔

جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیے کہ عدالت رپورٹس نہیں مسئلے کا حل چاہتی ہے ،ْای او بی آئی میں ہونے والی اربوں روپے کی چوری کی ذمہ دار حکومت ہے، اٹھارویں ترمیم کو منظور ہوئے 6 سال ہوگئے ، ای او بی آئی کو اب تک صوبوں کے حوالے نہیں کیا گیا، اس سے تاثر ملتا ہے کہ آئین پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ ای او بی آئی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا ،ْاس کی جائیدادیں اونے پونے داموں فروخت کی گئیں، اس میں پینشنرز کا کیا قصور ہے جنہوں نے اپنی امانت سرکاری ادارے کے پاس رکھی ۔

جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دیے کہ 35 سال کی خدمات کے بعد 5 ہزار روپے کی پنشن دینا ظلم کی انتہا ہے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ای او بی آئی کی صوبوں کو منتقلی کے حوالے سے قانون سازی کے لئے فائل وزیر اعظم کے پاس ہے۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو وزارت خزانہ کے فنڈز بند کرنے کا حکم جاری کر سکتے ہیں ،ْیہ بھی پوچھ سکتے ہیں کہ حکومت فنڈز کہاں استعمال کر رہی ہے۔جسٹس مقبول باقرنے کہاکہ یہ بھی پوچھ سکتے ہیں کہ پارلیمنٹ پر کتنے اخراجات کیے جا رہے ہیں کیس کی مزید سماعت 11 مئی کو ہو گی۔

متعلقہ عنوان :