ازبکستان وسط ایشیا کا اہم ترین ملک ہے ، پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی ازبکستان کے لئے نامزد سفیر ڈاکٹر عرفان یوسف شامی سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 26 اپریل 2017 15:53

ازبکستان وسط ایشیا کا اہم ترین ملک ہے ، پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعلقات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ازبکستان وسط ایشیا کا اہم ترین ملک ہے اور پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ازبکستان کے لئے نامزد سفیر ڈاکٹر عرفان یوسف شامی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے ڈاکٹر عرفان یوسف شامی کو ازبکستان میں سفیر تعینات ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرور ت ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ تجارتی حجم میں اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زمینی راستے اور گیس پائپ لائن کی تکمیل پر توجہ دی جائے تاکہ پاکستان میں توانائی کا مسئلہ جلد حل ہو سکے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ زراعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ازبکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لئے لائحہ عمل بنایا جائے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مصنوعات کو مؤثر طور پر پیش کرنے کے لئے ازبکستان میں ڈسپلے سینٹر بنائے جائیں تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔

انہوں نے اس مقصد کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے تعاون لینے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے جامعات اور چیمبرز آف کامرس کے ساتھ روابط میں اضافے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ازبکستان کے لئے نامزد سفیر ڈاکٹر عرفان یوسف شامی نے اپنے تقرر پرصدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے تجربات کی روشنی میں پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔