قائمہ کمیٹی تجارت کا اجلاس ،وزیر تجارت کے بیرون ممالک دوروں کی تفصیلات طلب

بدھ 26 اپریل 2017 15:50

قائمہ کمیٹی تجارت کا اجلاس ،وزیر تجارت کے بیرون ممالک  دوروں کی تفصیلات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت نے وزیرتجارت انجینئر خرم دستگیر کی جانب سے گذشتہ 6ماہ کے تجارت کے فروغ کے حوالے سے کئے گئے بیرون ممالک کے دوروں کی تفصیلات طلب کرلیں،کمیٹی نے مقامی کھجوروں کی پروسیسنگ کے حوالے سے ستمبر تک پائلٹ پراجیکٹ مکمل کرنے کی ہدایت کردی،کمیٹی کو وزارت تجارت نے آگاہ کیا ہے کہ ایگزم بنک رواں سال دسمبر تک فعال ہوجائے گا،ترکی اور تھائی لینڈ کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدوں کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں،پاکستان ہارٹی کلچر ڈولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کو خراب کارکردگی کی وجہ سے بند کیا جارہا ہے،کمیٹی نے وزارت تجارت کے ذیلی ادارے ٹریڈ ڈولپمنٹ اتھارٹی(ٹی ڈی اے پی) کی کارکردگی بڑھانے کیلئے اس کے ایکٹ میں ترامیم کرنے کی سفارش کردی اور جون تک کام مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

بدھ کو ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس کمیٹی چیئرمین سینیٹر شبلی فراز کی صدارت میں ہوا۔وزارت تجارت کے حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ایکسپورٹ کے فروغ کیلئے ایگزم بنک کو دسمبر 2017تک اپنے کام شروع کردے گا،7ارب ڈالر وزارت خزانہ نے جاری کردیئے ہیں،بنک کے بورڈ کی تشکیل کی جارہی ہے،ایشیائی ترقیاتی بنک کے ساتھ ایم او یو پر دستخط ہوچکے ہیں،ترکی اور تھائی لینڈ کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدوں(ایف ٹی ای) پر مذاکرات جاری ہیں،وزارت تجارتی پانچ سالہ وسط مدتی پالیسی رویو2 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

وزارت تجارت کے ذیلی ادارے ٹریڈ ڈولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی ایکسپورٹ کے فروغ کے حوالے سے کمیٹی کو فعال کیا گیا ہے جو تین سال سے غیرفعال تھی،ایکسپورٹرز کے مسائل کے حوالے سے یہ کام کرتی ہے۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مقامی پھلوں،خوراک اور دیگر مصنوعات کی ایکسپورٹ اور فروغ کیلئے وزارت کامرس اقدامات کرے،مقامی پھلوں اور مصنوعات کو نظرانداز کرکے درآمدات پر توجہ دی جارہی ہے،اس حوالے سے جامعہ پالیسی بنانے کی ضرورت ہے،ٹی ڈی اے پی مقامی پھلوں اور کھجوروں کی پروسیسنگ اور پیکجنگ کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرے،ستمبر تک اس کو مکمل کرے،ٹی ڈی اے پی کی ری سٹریکچرنگ کی جائے،اس کی کارکردگی زیرو ہے اور قومی خزانہ پر بوجھ ہے،اس کے ایکٹ میں ترامیم کی جائیں اور جون تک قانونی کام مکمل کیا جائے۔

سیکرٹری وزارت تجارت یونس ڈھاگہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں چیمبرز آف کامرس تجارت کے فروغ کیلئے کوئی کام نہیں کر رہے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ لگتا ہے وہ صرف سیاست کرتے ہیں اور ذاتی تشہیر کرتے ہیں ور بیرون ممالک کے دورے کرتے ہیں۔وزارت تجارت کے حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پاکستان ہارٹی کلچر ڈولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کو کارکردگی بہتر نہ ہونے کی وجہ سے بند کیا جارہا ہے۔

سیکرٹری تجارت نے کہا کہ تجارت کے فروغ کیلئے انسٹیٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ کی تعمیر جاری ہے اور تجارت کے فروغ کیلئے تھنک ٹینک بھی بنایا جائے گا،یہ بین الاقوامی معیار کا ادارہ ہوگا،سی پیک کے تحت صنعتی تعاون کے فروغ کیلئے ٹی ڈی اے پی کا گوادر میں آفس قائم کیا جارہا ہے،پاکستان کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔