غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کے ساتھ ساتھ سہولت کاروں کے ساتھ بھی سختی سے نمٹا جائے گا، ڈی پی او ہری پور

بدھ 26 اپریل 2017 15:45

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) ڈی پی او ہری پور شہزاد ندیم بخاری نے کہا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کے ساتھ ساتھ سہولت کاروں کے ساتھ بھی سختی سے نمٹا جائے گا، عوام کو جرائم سے پاک ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، جرائم کی بیخ کنی کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔

(جاری ہے)

بدھ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کیلئے متاثرہ شخص کی جانب سے تحریری شکایت اس کی سب سے بڑی سفارش ہے، عام آدمی زیادتی کی صورت میں فوری ان کے پاس بغیر سفارش کے آئے، ان کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی میں کسی صورت نرمی نہیں برتی جائے گی، ملزمان چاہے کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتے، جرائم پیشہ عناصر کو تحفظ فراہم کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں تعاون کرنے پر سہولت کاروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ ڈی پی او ہری پور نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے خیبر پختونخوا پولیس اپنی جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہمہ وقت اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔