ضلعی انتظامیہ نے عرصہ دراز سے بند سکولوں کے اساتذہ کی جانب سے تنخواہوں کی وصولی کا نوٹس لے لیا

بدھ 26 اپریل 2017 15:45

مانسہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع میں عرصہ دراز سے بند سکولوں کے اساتذہ کی جانب سے تنخواہوں کی وصولی کا نوٹس لے لیا۔ ضلع مانسہرہ میں اس وقت 1400 سے زائد بند سکولوں کے اساتذہ گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس بارے میں اسسٹنٹ کمشنر ذاکر جدون نے محکمہ تعلیم کے بارے میں اپنی ماہانہ رپورٹ میں بتایا کہ ضلع مانسہرہ میں عرصہ سے بند سکولوں کے اساتذہ گھروں میں بیٹھے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، بیشتر سکول ان کے نوٹس میں ہیں جہاں اساتذہ سکول نہیں جاتے اور تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، اس بارے میں رپورٹ مرتب کر کے صوبائی حکومت کو ارسال کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں ایسے اساتذہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی بھی ہدایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ایسے اساتذہ کی جیبوں میں نہیں جانے دیں گے، قبل ازیں مفت کی لی گئی تنخواہیں بھی ان سے وصول کی جائیں گی۔