ٹریفک پولیس رواں سیزن میں بھی سیاحوں کیلئے ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی، ڈی پی او مانسہرہ

بدھ 26 اپریل 2017 15:45

مانسہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) ڈی پی او چوہدری احسن سیف الله نے مانسہرہ ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ سیاحوں سمیت کوئی بھی شہری ٹریفک پولیس کے اخلاق، کردار، برتائو اور یونیفارم کو دیکھ کر ضلع کی پولیس اور عوام کے بارے میں تاثر قائم کرتا ہے، پشاور کے بعد ہیوی بائیک مانسہرہ کو دی گئی ہیں تاکہ شہر سمیت آنے والے سیاحوں کی ٹریفک کو رواں رکھا جائے، ٹریفک پولیس تمام فورس کے ماتھے کا جھومر ہے۔

وہ بدھ کو ٹریفک پولیس اہلکاروں میں ہیوی بائیک کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ٹریفک انسپکٹر جمال زیب خان سواتی بھی موجود تھے۔ تقریب میں بہترین ٹریفک رواں دواں رکھنے والے ٹی او اور ٹریفک وارڈن کو انعامات بھی دیئے گئے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹریفک پولیس کیلئے جدید سہولیات، یونیفارم کی فراہمی سمیت دیگر مسائل حل کر دیئے ہیں تاہم ٹریفک پولیس کو اخلاق اور اچھے کردار کا مظاہرہ کرنا ہو گا تاکہ ٹریفک پولیس کے حوالہ سے ایک اچھا پیغام سیاحوں کو مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ سے سیاحت کا سیزن شروع ہو رہا ہے، آپ لوگوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے حوالہ سے بھاری ذمہ داری عائد ہو گی، ہم امید کرتے ہیں کہ آپ پہلے سے بھی بڑھ کر جانفشانی کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

متعلقہ عنوان :