ہائیر ایجوکیشن کمیشن کیلئے گلوبل گُڈ گورننس ایوارڈ کا اعلان

بدھ 26 اپریل 2017 15:15

ہائیر ایجوکیشن کمیشن کیلئے گلوبل گُڈ گورننس ایوارڈ کا اعلان
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے بین الاقوامی ادارے کیمبرج آئی ایف اینالیٹکا کا گلوبل گُڈ گورننس ایوارڈ ( تھری جی ایوارڈ )جیت لیا ہے۔اس سلسلے میں کیمبرج آئی ایف اینالیٹکا کے زیراہتمام دبئی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ کیمبرج آئی ایف اینالیٹکا کہ ایک بین الاقوامی ادارہ ہے اور ادارے کی جانب سے تھری جی ایوارڈ حکومتی اداروں، کاروباری کمپنیوں اور غیر حکومتی اداروں کواُن کی گُڈ گورننس ، شفافیت اور ذمہ دارانہ کردار کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایوارڈ گورننس و سیاست، کاروباری ومعاشرتی شعبہ جات کے لئے مختٖص ہے جس کی نامزدگی اور اعلان انتخابی کمیٹی کے نظرثانی کے بعد کیا جاتا ہے۔ کمیٹی میں ممتاز حکومتی، تعلیمی اور کاروباری شعبے سے منسلک اشخاص شامل ہیں۔ تھری جی ایوارڈز تھری جی میتھڈولوجی پر مبنی ہیںجس میں ایک سکور کارڈ کے ذریعے شفافیت، معاشرتی ذمہ داری،اور انوویشن جیسے پانچ ستونوں کو جانچا جاتا ہے۔ اعلٰی تعلیم کے فروغ کے لئے ایچ ای سی پاکستان کی خدمات اورکامیابیوں کو تسلیم کرتے ہوئے اسے تھری جی ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا۔