اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو بھی اسی طرح اجاگر کرے جس طرح فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منایا ہے ،ْ پاکستان

بدھ 26 اپریل 2017 14:47

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو بھی اسی طرح اجاگر کرے جس طرح فلسطینیوں کے ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) پاکستان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو بھی اسی طرح اجاگر کرے جس طرح اس نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منایا ہے۔عالمی ادارے کے ہیڈ کوارٹر میں پاکستانی مشن میں پریس منسٹر مسعود انور نے یو این کمیٹی آن انفارمیشن کے 39 ویں اجلاس سے خطاب میں فلسطینی کاز کو اجاگر کرنے کے لیے عالمی ادارے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس بات پر زور دیتا ہے کہ ایسے ہی اقدامات کشمیری عوام کے لئے بھی کئے جائیں جو اپنی سرزمین پر غاصبانہ قبضے کے باعث طویل عرصے سے مصائب و آلام کا شکار ہیں۔

اس موقع پر بھارتی مندوب نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئر مین سے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کی اجازت طلب کی اور دعویٰ کیا کہ کشمیر دو ممالک کے درمیان تنازعہ ہے اور اجلاس میں زیر بحث موضوع سے اس کا کوئی تعلق نہیں لیکن پاکستان مندوب نے بھارتی مندوب کی مداخلت کی پرواہ کئے بغیر اپنا خطاب جاری رکھا۔

(جاری ہے)

پاکستان مندوب نے کہا کہ اس بات پر بھی اپنی توجہ مبذول کرے کہ عشروں سے بے گھر لاکھوں مہاجرین اور ان کی صورتحال کو فراموش نہ کیا جائے۔

پاکستان نے گذشتہ چار عشروں سے لاکھوں مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دے رکھی ہے اور وہ عالمی برادری کی توجہ دنیا بھر میں موجود مہاجرین کی حالت زار بارے مبذول کراتا رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹرش نے حال ہی میں پاکستان طالبہ ملالہ یوسفزئی کو امن کا سفیر مقرر کیا ہے اور اس موقع پر لاکھوں مہاجرین کی فیاضانہ میزبانی پر پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔

انہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف، انسانی حقوق اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے یو این انفارمیشن سینٹر کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ادارہ اسی طرح بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے کردار کو بھی اجاگر کرے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لئے افرادی قوت فراہم کرنے والا ایک بڑا ملک ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان ثقافتی احیاء کے دور سے گذر رہا ہے اور تخلیقی سرگرمیوں کا مرکز بن رہا ہے۔پاکستان قدیم ثقافتی ورثے کا امین ہے اور اس نے حال ہی میں عالمی ادارے کے صدر دفتر میں متعدد ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا ہے۔