یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی 5سالہ مدت ختم ہونے پر کارکنان کا جشن،شکرانے کے نوافل ادا کیے ،مٹھائیاں تقسیم

تمام ترتحفظات کے باوجودعدالتی فیصلے پرمن وعن عمل کرکے ثابت کر دیا پیپلز پارٹی زبانی نہیں بلکہ عملی طور پر عدلیہ کا احترام کرتی ہے‘ علی حسین سید

بدھ 26 اپریل 2017 14:42

یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی 5سالہ مدت ختم ہونے پر کارکنان کا جشن،شکرانے ..
ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی 5سالہ مدت ختم ہونے پر کارکنان کا جشن،شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی 5سالہ مدت ختم ہونا پیپلز پارٹی کے جیالوں،کارکنان اور قیادت کیلئے جیسے عید کا دن تھا،کارکنان کے گھروں میں جشن کا سماں رہا،شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے جبکہ ضلعی قیادت کی جانب سے کارکنان میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔

اس موقع پر ضلعی رہنماء پیپلز پارٹی علی حسین سید کا کہنا تھا کہ آج یوم مسرت ہے ۔یوسف رضا گیلانی نے تمام ترتحفظات کے باوجودعدالتی فیصلے پرمن وعن عمل کرکے ثابت کر دیا کہ پیپلز پارٹی زبانی نہیں بلکہ عملی طور پر عدلیہ کا احترام کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محض باتوں سے عدلیہ کے احترام کے کھوکھلے دعوے کرنے والے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں،ہم یوسف رضا گیلانی کی ہمت اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔

سابق ضلعی صدر پیپلز پارٹی غضنفر امین عاکوکا نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو سابق وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی سے سبق سیکھنا چاہئیے جو کہ عدالتی فیصلہ آنے پردس منٹ میں وزیراعظم ہائوس سے بغیر جھنڈے والی گاڑی پر رخصت ہوگئے تھے،موجودہ حکمران بھی عدالتی فیصلے پر نظر ڈالیں۔ 19جون 2012کو اس وقت کے چیف جسٹس افتخارچوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ نے سید یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کیس میں نااہل قراردیا تھا اورواضح کیا تھا کہ انہیں 26اپریل 2012سے نااہل سمجھا جائے ،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی 5سالہ مدت آج 26اپریل کو ختم ہوچکی ہے لہذا پارٹی قیادت سابق وزیراعظم کے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرے گی ۔

اس موقع پر ملک محمد سلیم،طارق یوسف ایڈووکیٹ،عامر چوہدری ایڈووکیٹ،وقاص وٹو ایڈووکیٹ ودیگران نے بھی کارکنان سے خطاب کیا بعدازاں کارکنان میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور شکرانے کے نوافل بھی ادا کئیے گئے۔