پاک چائنا اقتصادی راہداری اور توانائی کے منصوبوں سمیت کئی دیگر میگا پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، پاکستان کی ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کیلئے تمام اختلافات کے باوجود سب سے پہلے پاکستان کو مد نظر رکھنا ہو گا،

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوا نہ

بدھ 26 اپریل 2017 14:35

پاک چائنا اقتصادی راہداری اور توانائی کے منصوبوں سمیت کئی دیگر میگا ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک اس وقت تمام شعبہ جات میں برق رفتاری سے ترقی کر رہا ہے اور چائنا پاکستان اقتصادی راہداری سمیت توانائی کے کئی منصوبوں ، موٹر ویز ، بڑی شاہرات ، کسان پیکجز ، معاشی استحکام اور آپریشن رد الفساد کو تکمیل کے مراحل سے ہمکنار کیا جا رہا ہے جس کے باعث رواں سال کے آخر اور اگلے سال کے آغاز پر عوام ملک میں واضح تبدیلی محسوس کر یں گے جبکہ پر امن و خوشگوار اور ساز گار ماحول کے باعث بہت بڑی تعداد میں سرمایہ کاری ہونے سے غربت و بے روز گاری کا خاتمہ ہونے کے علاوہ ملکی تعمیر و ترقی، عوامی خوشحالی اور قومی فلاح کا دور دورہ ہو گا تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ غیر ضروری اختلافات کو ہوا دینے اور عدم برداشت کی فضاء سے بچائو کے ساتھ ساتھ کسی ایسے اقدام سے گریز کیا جائے جس سے ملک کے عدم استحکام کا خدشہ ہو کیونکہ ہمارا ملک اور ہمارے ادارے گھر کی اس چھت کی مانند ہیں جس کے نیچے ہم سب قیام پذیر ہیں اس لئے اگر یہ چھت گری تو اس کے نیچے ہم سب بھی آسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز ستارہ ٹیکسٹائل انڈسٹریز لمیٹڈ کی جانب سے کروڑو روپے کی لاگت سے 10سی گلبرگ فیصل آباد میں بین الاقوامی معیار کے حامل جدید ترین پہلے فلیگ شپ ستارہ سٹوڈیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا اور اہم ترین شہر ہے جہاں کی ٹیکسٹائل انڈسٹری سے ملک انتہائی قیمتی زر مبادلہ حاصل کر رہا ہے اس طرح پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں بھی فیصل آباد کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

انہوںنے کہاکہ فیصل آباد کے صنعتی ، کاروباری ، تجارتی ، درآمدی ، برآمدی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ہمیشہ حکومتی پالیسیوں کی پیروی کرتے ہوئے ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ انہیں فیصل آباد کے صنعتکاروں کے مسائل کا بخوبی علم ہے کیونکہ وہ اکثر اوقات یہاں کے دوستوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں اور یہی نہیں بلکہ ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے متعلقہ اداروں سے بھر پور انداز میں بات بھی کی جاتی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ فیصل آباد جہاں ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا مئوثر کردار ادا کرتا ہے وہیں لاکھوں لوگوں کو روز گار فراہم کرنے کا بھی ضامن ہے۔انہوںنے کہا کہ فیصل آباد کی ترقی در حقیقت پاکستان کی ترقی ہے ۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ ادوار میں توانائی کے بحران کے باعث صنعتی ، کاروباری ، تجارتی شعبہ کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن موجودہ حکومت نے توانائی کے بحران کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے محدود وسائل اور بے شمار مسائل کے باوجود توانائی کے بہت سے منصوبے شروع کئے جو اللہ کے فضل سے اس وقت تکمیل کے آخری مراحل میںہیں اور انشاء اللہ رواں سال کے آخر اور اگلے سال کے آغاز میں نہ صرف وافر بلکہ سستی بجلی بھی دستیاب ہو گی جس سے صنعتوں کا پہیہ رواں دواں ہو گا اور غربت و بے روز گاری کے خاتمہ سمیت ملک میں خوشحالی بھی آئے گی۔

انہوںنے کہا کہ کاروبار سے وابستہ ا فراد کی کاوشوں اور حکومت سے تعاون کے باعث ملک کے زر مبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔انہوںنے کہا کہ فیصل آباد کے صنعتکار ، صاحب ثروت افراد اور مخیر حضرات خلق خدا کی خدمت اور انسانیت کو درپیش مسائل کے حل میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ملک میں مختلف خیالات کے حامل لوگ بستے ہیں اور جس طرح ایک گھر میں کسی بات پر رائے کا اختلاف ہو سکتا ہے اسی طرح ملک میں بھی رائے کا اختلاف ہوتا ہے جو جمہوریت کا حسن ہے اس لئے اگر جمہوری ادارے مضبوط ہوں گے اور آئین و قانون کی بالا دستی ہو گی تو ملک بھی تعمیر و ترقی کی شاہراہوں پر گامزن ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کا احترام کرتے ہیں جبکہ سیاست دانوں کو اظہار رائے کی بھی مکمل آزادی ہے تاہم انہیں بھی ملکی مفادات کو مقدم رکھنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ اگر پاکستان ہے تو سیاست بھی ہے اور باقی سب کچھ بھی لیکن اگر ملک کو کچھ ہوا تو پھر کچھ بھی نہیں بچ سکتا جس میں آزادی بھی شامل ہے۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ روز بھارت میں ایک مسلمان کو بس میں بیٹھنے نہیں دیا گیا جس سے ان کی مسلمانوں کے بارے میں ذہنیت آشکار ہوتی ہے لیکن ہمیں چاہیے کہ ہم سب سے پہلے پاکستان کو مقدم سمجھیں جس کے بعد باقی سیاسی و دیگر اختلافات کو رکھا جائے۔

انہوںنے توقع ظاہر کی کہ ملکی مفاد کی قیمت پر کسی صورت سیاست نہیں ہونی چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ فیصل آباد کے صنعتکاروں ، تاجروں اور کاروباری افراد کو ایف بی آر سمیت دیگر اداروں سے جو تحفظات اور خدشات و شکایات ہیں انہیں دور کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے بات چیت کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ کو بزنس فرینڈلی بنانے کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے اور توقع ہے کہ اس میں تمام سیکٹرز کو ریلیف حاصل ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ کاروباری افراد اور حکومتی اداروں کے درمیان رابطوں کا جو فقدان اور اختلافی خلیج ہے اسے بھی ختم کرنا ہو گا جس کیلئے وہ تمام ممکن اقدامات کریں گے۔انہوںنے کہا کہ جتنے زیادہ افراد ٹیکس نیٹ میں آئیں گے ملکی خزانہ میں اتنی ہی رقم آئے گی اورا س سے زیادہ سے زیادہ عوامی ، سماجی ، فلاحی منصوبے شروع کئے جا سکیں گے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ ملکی حالات کا تقاضہ ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کریں تاکہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے پاکستان کو کسی رکاو ٹ کاسامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوںنے کہاکہ کسی منزل تک پہنچنے سے پہلے بہت سی تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن جب انسان اپنی اصل منزل پر پہنچتا ہے تو اسے ماضی کی تمام تکالیف بھول جاتی ہیں بالکل اسی طرح آئندہ چند ماہ میں پاکستان بھی اپنی اصل منزل پر پہنچ جائے گا جس سے ملکی تعمیر و ترقی کے ثمرات عام افراد تک پہنچانے میں بھی مدد ملے گی۔انہوںنے صنعتکاروں سے کہا کہ وہ دور حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر ماہر افرادی قوت پیدا کرنے کیلئے حکومتی اداروں سے تعاون کریں تاکہ کارپوریٹ سوشل سیکٹر کی ترقی بھی یقینی ہوسکے۔

انہوںنے صنعتی و کاروباری شعبہ کو اپنے ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا ۔قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ستارہ کیمیکل انڈسٹریز و ستارہ گروپ کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد ادریس نے بتایا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے اس سٹیٹ آف دی آر ٹ ستارہ سٹوڈیو میں ستارہ ٹیکسٹائل انڈسٹریز لمیٹڈکے تمام تر ٹیکسٹائل برانڈز ایک ہی چھت تلے دستیاب ہیں جن میں لیڈیز اینڈ جینٹس فیشن ویئر ز ،بیڈ شیٹس اور دیگر مصنوعات شامل ہیں۔

انہوںنے پہلے فلیگ شپ سٹور کی دیگر خصوصیات اور ادارہ کی خدمات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی ۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری، سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام ، سابق چیف ایگزیکٹو فیسکو رشید احمد اسلم، چیئر مین گارمنٹس سٹی فیصل آباد ریحان نسیم بھراڑہ ، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ، سینئر نائب صدر رانا سکندر اعظم ، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ، آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن ، پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن ، پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی دیگر تنظیموں کے عہدیداران و ممبران ، اہم انتظامی افسران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :