نیوز گیٹ سکینڈل : اصل ذمہ داروں کیخلاف کچھ نہیں ،کوئی چھوٹا ملازم قربان ہوگا،خورشید شاہ

بدھ 26 اپریل 2017 14:01

نیوز گیٹ سکینڈل : اصل ذمہ داروں کیخلاف کچھ نہیں ،کوئی چھوٹا ملازم قربان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2017ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نیوزگیٹ سکینڈل میں اصل ذمہ داروں کا کچھ نہیں ہو گا اور کسی چھوٹے سرکاری ملازم کو قربانی کا بکرا بنا دیا جائیگا، سکیورٹی کے نام پر اسلام آباد میں لگائے گئے 10ارب روپے بھی کینیڈین سفارت کار کو نہ بچا سکے اور انہیں گزشتہ روز لوٹ لیا گیا، گو نواز گو کے نعرے پر اپوزیشن کو تقسیم نہیں ہو نے دیا جائیگا، عمران خان ایک سمجھدار سیاستدان ہیں۔

ان خیالات کااظہار سید خورشید شاہ نے وفاقی دارالحکومت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ نیوزگیٹ سکینڈل میں اصل ذمہ داروں کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جائیگا اور جو رپورٹ آئے گی اس کا سب کو پہلے سے پتہ ہے کہ کسی نہ کسی چھوٹے سرکاری ملازم کو قربانی کا بکرا بنا دیا جائیگا اور نیوز لیکس میں چوہدری نثار علی خان کا بیان ہے کہ جج صاحب کہہ رہے ہیں کہ کوئی متفق نہیں لیکن حقیقت میں نیوز لیکس معاملے پر ریاست کو سڑکوں پر گھسیٹا گیا ہے اور دشمن کو مدد پہنچائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان ایک سمجھدار سیاستدان ہیں اور ہم اپوزیشن کو گونوازگو پر تقسیم نہیں ہونے دینگے۔ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ اسلام آباد میں امن وامان کے چوہدری نثار کے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں سکیورٹی کے نام پر وفاقی دارالحکومت میں 10ارب روپے لگائے گئے لیکن یہاں پر سفارت کار تک محفوظ نہیں ہیں اور گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک کینیڈین شہری کو لوٹ لیا گیا حالانکہ ملک میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران کسان دشمن ہیں اور وہ کسانوں کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہے ہیں گزشتہ روز بھی کسانوں پر لاٹھی چارج کیا گیا جس کی پیپلزپارٹی مذمت کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :