امریکا کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل میک ماسٹر اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وائٹ ہائوس میں ملاقات

پاکستان اور امریکا کا علاقائی امن و استحکام کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

بدھ 26 اپریل 2017 13:39

امریکا کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل میک ماسٹر اور وزیر خزانہ ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) پاکستان اور امریکا نے علاقائی امن و استحکام کو مشترکہ مقصد قرار دیتے ہوئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ یہ اتفاق رائے یہاں امریکا کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل میک ماسٹر اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وائٹ ہائوس میں ملاقات میں ہوا۔ وزیر خزانہ نے لیفٹیننٹ جنرل میک ماسٹر کے ساتھ وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی کی حیثیت سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے ان کی معاونت کی ۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر رابطے جاری رکھنے کی ضرورت پر زوردیا۔ وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کے بارے میں امریکا کے مشیر برائے قومی سلامتی کو آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں اقتصادی استحکام آیاہے اور بین الاقوامی اداروں نے بھی اس کو سراہا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہاہے کہ اپنی سر زمین سے دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی عکاسی آپریشن ضرب عضب کی کامیاب تکمیل سے ہوتی ہے جس کے بعد اب ملک بھر میں آپریشن رد الفساد جاری ہے ، اس کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ امریکا کے مشیر برائے قومی سلامتی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میںپاکستان کی قربانیوں اور انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی استعداد کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اپنے عزم کاذکر کیا۔لیفٹیننٹ جنرل میک ماسٹر نے وزیر خزانہ کو خطے کے اپنے حالیہ دورے کے بارے میں بتایا۔

متعلقہ عنوان :