ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے مجموعی اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوا ،پاکستان نے پہلی مرتبہ کامیابی کے ساتھ آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا ، پچھلے چار سال میں معیشت توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا واشنگٹن میں اقتصادی اصلاحات اور بحالی کے موضوع پر ہونے والے فورم سے خطاب

بدھ 26 اپریل 2017 13:39

ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے مجموعی اقتصادی ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے مجموعی اقتصادی ترقی میں اضافہ ہواہے ،پاکستان نے پہلی مرتبہ کامیابی کے ساتھ آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیاہے، پچھلے چار سال میں معیشت توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں پاکستان ایمبیسی فورم کے پاکستان میں اقتصادی اصلاحات اور بحالی کے موضوع پر ہونے والے تیسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیشن میں امریکا کی ممتاز کمپنیوں اور تھنک ٹینکس کے نمائندوں اور امریکا میں مقیم ممتاز پاکستانیوں نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ علاقائی رابطوں کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے کی کوششوں سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میںمددملی ہے ، ہماری مجموعی معیشت کو درپیش سنجیدہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ترقی کی رفتار مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ علاقے میں امن کے لئے کشمیر کے مسئلے کاحل ضروری ہے۔ پاکستان امریکا کی نئی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنایا جاسکے۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہاکہ پاکستان سکیورٹی اور اقتصادی محاذوں پر کامیابیاں حاصل کررہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت کے وژن اور عزم کی بدولت پاکستان مختلف سماجی اور اقتصادی شعبوں میں بلند ترین اقتصادی شرح اور پائیدار ترقی کے حصول کے راستے پر گامزن ہے۔